غوثیہ حنفیہ جامع مسجدلکھداتابازار میں جشن میلادالنبی ؐکانفرنس
علماء کرام کارسولِ اکرمؐ کے فرمودات کی پیروی کرنے پرزور
طارق ابرار
جموں//شہرکے وسط میںواقع غوثیہ حنفیہ جامع مسجدلکھداتابازارجموں میں جشن میلادالنبی ؐکانفرنس کاانعقاد کیاگیا۔ اس موقعہ پرکثیرتعدادمیں فرزندان توحید وعاشقان رسول سے خطاب کرتے ہوئے مفتی قمرالزمان مصباحی(پٹنہ)،مظہرحسین امام وخطیب جامع مسجدلکھداتابازارجموں ودیگرعلماء کرام نے نبی آخرالزماں حضرت محمدؐ کی سیرت مبارکہ پرتفصیلی روشنی ڈالی جبکہ شکیل احمدمینائی (لکھنو)نے نعت ومنقبت کے ذریعے بارگاہِ رسالت مآب ؐمیں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ اس موقعہ پرمفتی قمرالزمان مصباحی نے سیرت النبی ؐکے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد مصطفی ؐ کسی ایک قوم ، علاقہ یا زمانہ کیلئے نہیں بلکہ آپ ؐ رحمت للعالمین ہیں اور آخری نبی ہیں۔ آپ کے بعد نبوت کا دروازہ بند ہو چکا ہے۔ اپنے خطاب میںمفتی قمرالزمان مصباحی نے کہا کہ رسول پاک کے بتائے ہوئے راستہ پر عمل پیرا ہونا ہی اصل کامیابی ہے جس پر چل کر دین و دنیا کی فلاح حاصل کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ کی عظمت کا اندازہ لگانا ہو تو صحابہ کرام ؓ سے معلوم کیجئے کہ جنہوں نے اپنی جانیں آپ پر قربان کر دیں۔جن کے دل محبت رسول سے لبریز تھے اور ساری دنیا سے بڑھ کر دل میںآپ کی محبت کا سمندر موجزن ہوجاتا ہے۔اس دوران مظہرحسین امام وخطیب غوثیہ حنفیہ جامع مسجدلکھداتابازارنے بھی سیرت نبوی ؐ پرخیالات کااظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ میلادمصطفیٰ کا دن پورے عالم انسانیت کے لئے خوشی کا دن ہے کیونکہ اسی روز پیغمبر آخر الزمان اس دنیا میں مبعوث ہوئے جن کے لئے اللہ تعالیٰ نے پوری کائنات کو وجود میں لایا۔اُنہوں نے رسولِ اکرمؐ کے فرمودات بیان کرتے ہوئے کہاکہ جو جوان اپنے بوڑھے ماں باپ کے چہرے پر محبت کی ایک نظر ڈالتا ہے تو اللہ تعالیٰ اْسے ایک مقبول حج کا ثواب عطا کرتے ہیں۔کیوں کہ یہ والدین ہی ہیں کہ جنہوں نے بہت تکلیفیں اْٹھا کر اور مشکلات برداشت کر کے آپ کو پروان چڑھایا ہے۔انہوں نے نوجوانوں سے مخاطب ہوکران سے اپیل کی کہ وہ حضرت محمدؐ کی تعلیمات اوراسوہ ؐ حسنہ کی پیروی کرتے ہوئے اپنے والدین کی خدمت کریں۔اْنہوں نے کہا کہ رسولِ رحمت کا دل سب سے نازک اور آپ کی روح سب سے لطیف ترین اور آپ کا مرتبہ و مقام سب سے بلند تر ہے۔دیگرعلماء نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ رسول اللہ کی حیات طیبہ کو اپنی مشعل راہ بناتے ہوئے آپ کے فرمودات پر عمل کریں اور اسی میں نہ صرف مسلمانوں بلکہ پورے عالم انسانیت کی بقاء،فلاح اور بہبود ہے۔اس موقعہ پرحاجی عبدالمجید،حافظ شبیراحمد اورجملہ اراکین انتظامیہ کمیٹی غوثیہ حنفیہ بھی موجودتھے۔
بیت المقدس کواسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کااعلان قابل مذمت:جموں مسلم فرنٹ
مسلم ممالک کے سربراہوں سے فلسطین ومسجداقصیٰ کوبچانے کی اپیل
جموں//جموں مسلم فرنٹ نے امریکہ کی طرف سے قبلہ اول بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔یہاں جاری پریس بیان میں جموں مسلم فرنٹ نے بیت المقدس کواسرائیل کی دارالحکومت بنانے کے اعلان کوامریکہ کی ساز ش سے تعبیرکیا۔انہوں نے کہاکہ اس سازش میں اسرائیل اورامریکہ کے علاوہ سعودی انتظامیہ بھی ملوث ہے اورانڈونیشیااورملیشیاکے اس ضمن میں بیان کوسفارتی نوعیت کاقراردیا۔انہوں نے کہاکہ جوممالک فلسطین اورامریکہ کے ساتھ بیک وقت بیٹھتے ہیں ان پربھروسہ نہیں کیاجاسکتاہے۔جموں مسلم فرنٹ کی گورننگ باڈی نے جارڈن کے بادشاہ سے اپیل کی کہ وہ جارڈن کے دستے مسجدِ اقصیٰ کمائونڈمیں بھیج کراسے اپنی تحویل میں لے۔فرنٹ کے چیئرمین شجاع ظفر نے مسلم ممالک کے سربراہوں سے اپیل کی ہے وہ فلسطین اورمسجدِ اقصٰی کوبچانے کیلئے آگے آئیں ۔انہوں نے کہاکہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے تاناشاہی پر مبنی اس اعلان سے عالم اسلام کے دل مجروح ہوئے ہیں اور مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی بھی اقدام دنیا بھر کے مسلمانوں کو اشتعال دلا سکتا ہے جو نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے امن، سلامتی اور استحکام کیلئے سنگین ہو سکتاہے۔
امریکی و اسرائیلی عزائم کا مقابلہ کرنے کیلئے مسلمان متحدہوں:عاشق خان
جموں//شیعہ فیڈریشن نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے القدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے خلاف ایک نئی جنگ کا پیشہ خیمہ قرار دیاہے ۔ یہاں جاری پریس بیان میں فیڈریشن صدر عاشق حسین خان نے کہاکہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ سے ہی یہ کہتارہاہے کہ مسلمانوں کے اصلی دشمن امریکہ اور غاصب صہیونی ریاست اسرائیل ہے اور اب یہ سب پر واضح ہوگیاہے کہ امریکہ اسرائیل کی مدد و حمایت میں کس حد جاسکتاہے جس نے عالم اسلام ہی نہیں بلکہ عالم اقوام کی شدید مخالفت کے باوجود اسرائیل کی دہائیوں پرانی تمنا پوری کردی ۔ عاشق خان نے کہاکہ اب وقت آگیاہے کہ ایک دوسرے کا آلہ کار بن کر اسلام کو نقصان پہنچانے کے بجائے سبھی مسلمان ایک صف میں جمع ہوں اور اپنے حقیقی دشمن کا مقابلہ کریں ۔انہوںنے کہاکہ امریکی صدر کا یہ فیصلہ مسلمانوں کیلئے واضح پیغام ہے اور انہیں اپنے عوام کو مزید دھوکہ نہیں دیناچاہئے بلکہ امریکی و اسرائیلی عزائم کا مقابلہ کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں شروع کرنی چاہئیں ۔ان کاکہناتھاکہ امریکہ نے اپنے حلیفوں کو بھی خاطر میں نہیں لایا اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر ظلم کے نئے اور طویل مرحلے کیلئے راہ ہموار کی ہے ۔ عاشق خان نے کہاکہ آج دنیا حیران ہے کہ امریکی صدر نے ایسا فیصلہ کیونکر کیا لیکن کچھ مسلمان ایسے ہیں جو خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں جو افسوسناک ہے ۔ انہوںنے کہاکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو امریکہ اور اسرائیل سے بیزاری کا اعلان کرناچاہئے اور اپنے ذاتی مفادات کی تکمیل کیلئے پوری امت مسلمہ کا سودا نہ کیاجائے ۔ فیڈریشن صدر نے کہاکہ یہ فیصلہ انتہائی اشتعال انگیزہے جس کے مشرق وسطیٰ ہی نہیں پوری دنیا میں دور رس اور خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں اس لئے مسلمانوں کو اختلافات بھلاکر وہ اقدام کرنے چاہئیں جن کی آج اسلام کو ضرورت ہے نہ کہ امریکی و اسرائیلی خوشنودی حاصل کرنے اور اپنی حکومتیں اور اقتدار بچانے کیلئے ایک دوسرے کا قتل جاری رکھناچاہئے ۔انہوںنے کہاکہ کچھ مسلمان ممالک کی طرف سے اس فیصلے پر شدید رد عمل سامنے آیاہے لیکن زبانی کلام کے بجائے عملی طور پر ثبوت دینے کی ضرورت ہے ۔
نگروٹہ تحصیل میںآدھارکارڈبنانے میں لوگوں کومشکلات کاسامنا
جموں//صاف ستھرامومنٹ کے ریاستی صدرشوکت چوہدری نگروٹہ تحصیل کے کئی دوردرازعلاقوں کا تفصیلی دورہ کیااورکئی سیاسی وسماجی کارکنان اورمعززشہریوں سے ملاقات کی اوربجلی اورپانی جیسی بنیادی ضروریات کی کمی پرافسوس کااظہار کیا۔کئی وفدنے آدھارکارڈ اوردیگر دستاویز حق کابرائے راستہ تعلق تحصیلدارنگرہ ،دفترسے منسلک ہے میں کئی خامیوں کی شکایت کی اورالزام لگایا کہ نگروٹہ تحصیل دفترمحض رشوت خوری کے اڈے کے طورپرکام کرتاہے،لوگوں کی مشکلات جوں کی توں ہے ،تقریباً عملہ غیرحاضررہتاہے اورآئے روز دفترہذالوگوں کوگمراہ کرتاچلاآرہاہے ۔2015 سے لیکرلوگوں نے متعددچکرکاٹنے کے باوجود بھی لوگوں کاکوئی کام تسلی بخش طریقے نہیں کیاجاتاہے ۔لوگوں کوآدھارکارڈ بنانے کے معاملے میں تحصیل نگروٹہ کے دفترکے چکرکاٹناروزنہ کامعمول بن چکاہے۔شوکت چوہدری سے کئی وفودنے شکایت کی ۔اس دوران مومنٹ کے ریاستی صدر نے حکومت سے مانگ کی تحصیلداردفترکے عملہ کوتبدیل کرنے کامطالبہ کیاتاکہ لوگوں کی مشکلات کاازالہ ہوسکے ۔انہوں نے انتباہ دیاکہ اگرحکومت نے ایسانہیں تونگروٹہ کی عوام سڑکوںپراُترنے کیلئے مجبورہوجائے گی۔
سکاسٹ جموں میں دوروزہ ورکشاپ اختتام پذیر
جموں//سکاسٹ جموں میں مونٹین ایکوسسٹم لائیولی ہڈکے سلسلے میںاینول گروپ مونیٹرنگ ورکشاپ آف ٹیکنالوجی انٹروینشن (ٹائم لرن پروگرام) کاانعقاد کیاگیاجس میں تین ہمالیائی ریاستوں اُتراکھنڈ، ہماچل پردیش اورجموں وکشمیر کی شاندارماڈلوں کیلئے عزت افزائی کی گئی ۔اس موقعہ پرپیش کئے گئے 19پروجیکٹوں کو سکاسٹ جموں کے کانفرنس ہال میں رکھاگیا.۔اس دوروزہ پروگرام کے آخری دن ٹیم نے ڈی ایس ٹی پروجیکٹ بعنوان’’ٹیکنالوجیکل انٹروینشن ٹوامپروو لائیوسٹاک اینڈپولٹری پروڈکٹی ویٹی انڈررین فیڈ ایریاز آف جموں ریجن‘‘کاجائزہ لیا۔اس دوران دورہ کرنے والی ٹیم میں ڈاکٹرراجیوکلیانی ،سابق پرنسپل سائنٹسٹ ،سی ایس ڈبلیوآرآئی، اویکا نگر، ڈاکٹرایس ایس سمانت سائنٹسٹ انچارج جی بی پی آئی ایچ ای ڈی ،کلو،ڈاکٹرسنیل کمار، اگروال، سائنٹسٹ ،ای اورانچارج ٹائم لرن ،ڈی ایس ٹی۔سیڈ اورڈاکٹرآشیش،سائنٹسٹ ڈی ایس ٹی ڈاکٹراتسو شرمااورڈاکٹرناظم خان سی اوپی ایلز شامل تھے۔
کالج آف ایجوکیشن میں ایم آرپیز کیلئے ورکشاپ
جموں//گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن کنال روڈ جموں میں سوشل سائنس کے ایم آرپیز کیلئے منعقدہ چاروزہ ورکشاپ اختتام پذیرہوگئی ہے۔اختتامی تقریب میںڈائریکٹرسکول ایجوکیشن سرداررویندرسنگھ مہمان خصوصی جبکہ ایس پی ورمامہمان ذی وقارتھے۔انہوں نے ایم آرپیز کوخطاب کرتے ہوئے کہاکہ جوانہوں نے اس ورکشاپ سے سیکھاہے اس کوبروئے کارلائیں۔انہوں نے کورس کوآرڈی نیٹر پروفیسرڈاکٹر سندھو کپور اورکو۔کوآرڈی نیٹر پروفیسرکشپ شرماکوورکشاپ کی کامیابی کیلئے مبارکبادپیش کی۔پروگرام کی نظامت پروفیسررخسانہ کوثراورپروفیسرشاپیہ شمیم نے کی جبکہ شکریہ کی تحریک سیمااسسٹنٹ پروفیسرنے پیش کی۔ورکشاپ کے دوران ابھی منیودیو سنگھ،پروفیسرانگیلا گاڈرو،پروفیسر سنگیتا گپتا،ڈاکٹرکویتاسوری،پروفیسرکشپ شرما، پرویسرپیالی اروڑہ، انورادھابھیسن ، پروفیسرششی پربھا، پروفیسرسندھوکپورنے بطورریسورس پرسنز حصہ لیا۔ اس دوران ورکشاپ میںسوشل ویلفیئربورڈ کی جانب سے ’منتظر‘نامی مختصرفلم بھی دکھائی گئی۔
چیف سیکرٹری کا آئی آئی ٹی جموں کا دورہ
جاری ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لیا
جموں//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے جگٹی نگروٹہ میں انڈین انسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی جموں کا دورہ کر کے وہاں ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا ۔ 3247 کنال اراضی پر محیط آئی آئی ٹی جموں کو 1200 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا ۔ ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری ، ڈی سی جموں راجیو کمار رنجن کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔دورے کے دوران چیف سیکرٹری کو جانکاری دی گئی کہ کیمپس کے مختلف سیکشنوں پر کام شدو مد سے جاری ہے اور اس وقت آئی آئی ٹی جموں میں 200 طلاب تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ انہیں بتایا گیا کہ کیمپس میں الیکٹریکل ، میکنیکل ، سول اور کمپیوٹر سائینس کے چار برانچ قایم ہیں ۔ چیف سیکرٹری نے افسروں کے ہمراہ کیمپس کے اطراف کا دورہ کر کے طلاب کیلئے سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ ایم ایچ آر ڈی کی طرف سے تعین کئے گئے اہداف کو حاصل کرنے کی خاطر آئی آئی ٹی کیمپس کیلئے 200 ایکڑ اضافی اراضی ضروری ہے ۔ 8.5 کلو میٹر لمبت بونڈری بال کی تعمیر کا جائیزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ اس کام کو فروری 2018 کے آخر تک مکمل کریں ۔ چیف سیکرٹری نے بعد میں آئی آئی ایم کیمپس کی جگہ کا بھی دورہ کیا ۔
’گیلنٹری ایوارڈ جیتنے والے سکولوں کا دورہ کریں‘
گورنر کی ڈائریکٹر سینک ویلفیئر کو صلاح
جموں //برگیڈئیر ریٹائیرڈ ہر چرن سنگھ ڈائریکٹر سینک ویلفئیر جموں نے گورنر این این ووہرا کے ساتھ یہاں راج بھون میں ملاقات کی ۔ اس دوران انہوں نے گورنر کو عملائی جا رہی مختلف سکیموں ، پروگراموں اور ریاست سے تعلق رکھنے والے سابق فوجیوں اور موجودہ اہلکاروں کی بہبودی کیلئے کئے جا رہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی ۔ گورنر نے دور افتادہ علاقوں میں رہایش پذیر سابق فوجیوں کے کنبوں تک پہنچنے اور اُن کی راحت رسانی کیلئے نئے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے برگیڈئیر سنگھ سے کہا کہ وہ پینشن حاصل نہ کرنے والے سابق فوجیوں کے کنبوں کی طرف خصوصی توجہ دیں ۔ گورنر نے کہا کہ ایوارڈ جیتنے والے سابق فوجیوں کو سکولوں کا دورہ کرنا چاہئیے اور انہیں طلاب کو آرمڈ فورسز کی ذمہ داریوں کی اہمیت اور کام کاج کے بارے میں روشناس کرانا چاہئیے ۔
گورنر اور خاتونِ اول کا کپواڑہ کے طلاب سے استفسار
جموں //گورنر این این ووہرا اور اُن کی اہلیہ اوشا ووہرا نے راج بھون جموں میں کپواڑہ ضلع سے تعلق رکھنے والے اُن 26 طلاب پر مشتمل ایک گروپ کے ساتھ استفسار کیا جنہوں نے حال ہی میں شمالی بھارت کے مختلف تعلیمی تواریخی اور ثقافتی نوعیت کے مقامات کا دورہ مکمل کیا ۔ ان طلاب کیلئے دس روزہ دورے کا اہتمام فوج کی 47 راشٹریہ رائفل نے کیا تھا ۔ ان بچوں کے ہمراہ اُن کے دو استاد اور میجر راہل شرما بھی تھے ۔ گورنر اور اُن کی اہلیہ نے چھٹی سے گیارہویں جماعت تک کے طلاب کے اس گروپ کے ساتھ بات چیت کی اور دورے کے دوران اُن کے تجربات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ ان طلاب نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کی بدولت انہیں مختلف ریاستوں کا دورہ کرنے اور کئی نئی چیزیں سیکھنے کا موقعہ ملا ۔ گورنر نے بچوں کے ساتھ اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کیلئے ایک مضمون نویسی مقابلے کا انعقاد کریں جس میں یہ بچے اپنے تجربات درج کر سکیں ۔ انہوں نے اس مقابلے کیلئے پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کیلئے نقد انعامات کا اعلان کیا ۔ گورنر کی اہلیہ نے طلاب کو تحفے بھی پیش کئے اور اُن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
کویندر گپتا کا دورہ ٔباہو فورٹ
بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی یقین دہانی کرائی
جموں //قانون ساز اسمبلی کے سپیکر اور ایم ایل اے گاندھی نگر کویندر گپتا نے باہو فورٹ علاقے کے اندرون کا تفصیلی دورہ کر کے وہاں لوگوں کو دستیاب سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ سپیکر موصوف نے کچا تالاب ، پکا تالاب ، ماشا محلہ ، گُجر بستی ، سنٹرل محلہ ، گورکھ نگر ، شیخ نگر ، پریس موڑ اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا ۔ اس دوران مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی اُن کے ہمراہ تھے ۔ کویندر گپتا نے مختلف کاموں کا جائیزہ لیتے ہوئے مقامی لوگوں کو جانکاری دی کہ یہ تمام کام مکمل کرنے کیلئے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کئے جا رہے ہیں اوران کاموں کی مرحلہ وار طریقے پر تکمیل کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ڈرنیج جیسی بنیادی سہولیات کو بڑھاوا دیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاموں کی جلد از جلد تکمیل کے دوران ان کے معیار کی طرف بھی خصوصی توجہ دی جانی چاہئیے ۔ کویندر گپتا نے ان بستیوں میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظام کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے جے ایم سی کو ہدایت دی کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر کوڑا کرکٹ ہٹا کر صفائی ستھرائی کے کام کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ مقامی لوگوں کے ساتھ رابطے میں رہیں تا کہ بنیادی سطح پر اہداف کی حصولیابی کو یقینی بنایا جا سکے ۔
۔2022 تک کسانوں کی آمدن دوگنی کی جائے گی: گنگا
جموں //صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی والی مرکزی سرکار کسانوں کی آمدن 2022 تک دوگنا کرانے کی وعدہ بند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ریاستی اور مرکزی سرکاروں کی طرف سے زرعی شعبے میں کئی اختراعی سکیمیں چلائی جا رہی ہیں ۔ وزیر موصوف چٹوال سانبہ میں اطلاعات و تشریات کی وزارت کے ڈائریکٹوریٹ آف فیلڈ پبلسٹی کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیر موصوف نے مٹی کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے اس کا تجزیہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیداوار اور پیداواریت بڑھانے کیلئے کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہمکنار کرانے کیلئے کئی اقدامات شروع کئے ہیں ۔ گنگا نے کہا کہ وزیر اعظم نے سائیل ہیلتھ کارڈ سکیم متعارف کی جس سے کسانوں کو کافی فائدہ پہنچ رہا ہے ۔ اس موقعہ پر انہوں نے کئی دیگر سکیموں کا بھی ذکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان سکیموں کا مقصد یہی ہے کہ 2022 تک کسانوں کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے کسانوں کو سٹوریج اور مارکیٹنگ کی بہتر سہولیات بہم کرائی جانی چاہئیں تا کہ انہیں اپنی پیداوار کی اچھی خاصی قیمت حاصل ہو سکے ۔ اس موقعہ پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈی ایف پی آر پی سروج کے علاوہ مختلف محکموں کے کئی دیگر افسران بھی موجود تھے ۔
طلاب کو معیاری اور اخلاقی تعلیم سے آراستہ کراناضروری: الطاف بخاری
کٹھوعہ //وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے اساتذہ برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کو معیاری تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ اُن میں اخلاقی اقدار بھی پیدا کریں تا کہ وہ مستقبل کے بہترین شہری بن سکیں ۔ وزیر تعلیم نے ان باتوں کا اظہار راج باغ کٹھوعہ میں دلی پبلک سکول کی سالانہ تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ اس موقعے پر مہمانِ ذی وقار کی حثیت سے موجود تھے ۔ ایم ایل اے نوشہرہ رویندر رینہ ، سابق ایم ایل اے کانتا اندھوترہ ، سکول کے پرنسپل نرمل منہا کے علاوہ کئی دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں ۔ تقریب پر سکول کے طلاب نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے جن سے وہاں موجود لوگ محظوظ ہوئے ۔ وزیر نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ریاست کے کونے کونے میں تعلیمی سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن لازمی اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس سیکٹر کو بڑھاوا دینے کیلئے پُر عزم ہے ۔ انہوں نے سکول حکام پر زور دیا کہ وہ ان اداروں کو علوم کے اعلیٰ مراکز میں تبدیل کرائیں ۔ چودھری لال سنگھ نے اس موقعہ پر والدین سے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس شعبے کو ترقی کی بلندیوں تک لے جانے کیلئے کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی ۔ بعدمیں وزراء نے سکول کے ذہین اور قابل طلاب میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔