مسجد کاسلیب دھنسنے سے زخمی ہوئے افراد میں امداد تقسیم
محمد تسکین
بانہال // جمعرات کے روز جامع مسجد آھمہ ،تحصیل کھڑی کا سلیب گرجانے کی وجہ سے زخمیوں میں تحصیلدار کھڑی تابش سلیم نے نقد امداد تقسیم کی ہے۔ انچاس ہزار روپئے کی یہ رقم ریڈکراس فنڈ سے ڈپٹی کمشنر رام بن نے واگذار کی۔ بانہال ہسپتال میں بارہ میں سے گیارہ زخمیوں کو چھٹی دی گئی ہے جبکہ بانہال میں ابھی بھی ایک اور سرینگر کے ہسپتال میں تین خواتین زیر علاج ہیں۔ جمعرات کی دوپہر بعد تحصیل کھڑی کی جامع مسجد آھمہ کا سلیب گرجانے کی وجہ سے وہاں کام کرنے والے چودہ افراد زخمی ہوئے تھے جنہیں بانہال ہسپتال منتقل کیا گیا تھا اور دو خواتین کو سرینگر کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ آج تحصیلدار کھڑی تابش سلیم نے بانہال ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور ان میں ڈپٹی کمشنر رام بن طارق گنائی کی طرف سے ضلع ریڈکراس فنڈ سے علاج کے اخراجات کے طور پر 49000 روپئے کی رقم بانہال ہسپتال میں تقسیم کی گئی۔ جس میں سرینگر منتقل کی گئی ایک خاتون کو آٹھ ہزار اور دوسری خاتوں کے حق میں پانچ ہزار روپئے کی نقد امداد واگذار کی گئی۔ اس کے علاوہ بانہال ہسپتال میں زخمیوں کے حق میں تین تین ہزار روپئے کی نقد رقم تقسیم کی گئی۔ ادھر اس حادثے میں بارہ زخمیوں میں سے دس خواتین اور ایک زخمی لڑکے کو جمعہ کے روز بانہال ہسپتال سے فارغ کیا گیا جبکہ ایک زخمی خاتون ابھی بھی بانہال کے ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ اس کے علاوہ سرینگر کے ہسپتال میں زیرعلاج ایک حاملہ خاتون سمیت دو خواتین کی حالت بھی بہتر بتائی جاتی ہیں۔
کشتواڑ کے سرپنچوں کا وفد
مرکزی وزیر زراعت سے ملاقی
عظمیٰ نیوز
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے سرپنچوں نے جمعہ کے روز کرشی بھون نئی دہلی میں مرکزی وزیر مملکت برائے زراعت کرشنا راج سے ملاقات کی۔یہ کسان فوج کی جانب سے منعقد کئے گئے دورے کے تحت دہلی میں ہیں۔ملاقات کے دوران سرپنچوں نے ،جو کہ پیشہ سے کسان ہیں ، کو مرکزی سرکار کی جانب سے کسانوں کی آمدنی دوگنا کرنے کے لئے چلائی جا رہی سکیموں کی جانکاری دی گئی،تاکہ کسانوں کو منافع ہو۔کرشی بھون کے دورے کے بعد گروپ نے قطب مینار اور پُرانہ قلعہ کا بھی دورہ کیا۔سرپنچوں نے فوج کی جانب سے انہیں ملک کے دیگر حصوں میں تکنیکی ایڈوانسمینٹ کی کھوج کا ایک موقعہ فراہم کرنے پر فوج کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سا دورے سے انہیں زراعت اور باغبانی کے شعبہ میں نئی تکنیک لاگو کرنے کا موقعہ فراہم ہو جائے گا۔
ایم ایل اے رام بن نے بلیک ٹاپنگ کا افتتاح کیا
رام بن //ممبر قانون ساز اسمبلی رام بن نیلم کمار لنگہے نے جمعہ کے روز رام بن بس اسٹینڈ میں بلیک ٹاپنگ کام کا افتتاح کیا ۔انکے ہمراہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد بشمول تعمیرات عامہ (آر اینڈ بی) اہلکار ،علاقہ کے مقامی لوگ،مختلف سماجی و سیاسی پارٹیوں کے کارکناں بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔محکمہ تعمیرات عامہ کی نگرانی میں یہ کام انجام دیا جا رہا ہے۔اس موقعہ پر تحصیل کے معزز شخصیات نے کہا کہ ایم ایل اے نے اپنا وعدہ پورا کیا اور رام بن میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے۔ایم ایل اے نے اس موقعہ پر کہا کہ بس اسٹینڈ کی بلیک ٹاپنگ علاقہ کے لوگوں کی ایک دیرینہ مانگ تھی،جسے پورا کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ کی ترقی انکای ترجیحات میں شامل ہے ۔اس موقعہ پر انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ہاوسنگ کالونی کے تمام مطالبات کو پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے رام بن میں پسینجر شیڈ کے لئے 5لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا ۔
درمبڑا نالہ کی خستہ حالی پر عرفان آباد ڈوڈہ کے مکین خفا
فوری طور پر مرمت کا مطالبہ ، احتجاج کا انتباہ
عظمیٰ نیوز
ڈوڈہ //درمبڑا نالہ کی خستہ حالی پر محلہ عرفان آباد ،سروال محلہ کے مکینوں میں کافی ناراضگی پائی جاتی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس نالہ کی تعمیر 40سال قبل شروع کی گئی ہے ،تب سے لیکر اسکی مرمت کی جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے۔اگرچہ ڈوڈہ قصبہ کے ملحقہ علاقوں میں تمام نالوں کی مرمت کی گئی ہے تاہم یہ ایک ایسا نالہ ہے جسکی دیکھ ریکھ کی جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے۔بارشوں کے موسم میں اس نالہ سے بارش کا پانی باہر آتا ہے اور مکینوں کے رہائشی مکانوں میں داخل ہوتاہے۔بعض اوقات اس نالہ کی وجہ سے رہائشی ماکانات کو نقصان بھی ہو جاتا ہے کیونکہ اکثر و بیشتر یہ نالہ کوڑا کرکٹ سے بھرا ہوتا ہے۔جس سے مکینوں کو کافی پریشانیاں ہوتی ہیں۔اس ضمن میں مقامی لوگوں نے کئی مرتبہ بالا حُکام سے رابطہ کیا تاہم کوئی بھی فائدہ نہیں ہوا ہے۔عرفان آباد کے مکینوں نے اس سلسلہ میں زیر قیادت سابقہ کونسلر امتیاز احمد زرگر ایک اجلاس منعقد کیا جس میں کافی لوگوں نے شرکت کرکے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے اس ضمن میں ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ان لوگوں کو توقع ہے کہ وزیر اعلیٰ اس سلسلہ میں ترجیحی بنیادوں پر نالہ کی تعمیر کی ہدایت دیں گے۔ میٹنگ میں شامل لوگوں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر انکے جائز مطالبہ کو تسلیم نہیں کیا گیا تو وہ سڑکوں پر آئیں گے۔اجلاس میں شرکت کرنے والوں میںجاوید احمد کھوڑا، عطا اللہ ترنبو، نثار احمد کھوڑوانی، موسیٰ آزاد، احسن احمد کھوڑا، حاجی غلام نبی پاٹیگڑو، محمد اشرف، امتیاز احمد زرگر و دیگران شامل تھے۔
ڈوڈہ پولیس کی منشیات مخالف مہم جاری
منشیات فروش گرفتار ،34نشہ آور انجکشن برآمد
عظمیٰ نیوز
ڈوڈہ //ڈوڈہ پولیس نے منشیات کی بدعت کے خلاف جاری اپنی مہم کے تحت ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر جمعہ کے روز ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اسکے قبضہ سے 34 Tramadol Injectionsکی نشہ آور انجکشن برآمد کئے ہیں ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈوڈہ پولیس کی ایک پارٹی نے ایس آئی فردوس احمد اور ایس ایچ او پولیس اسٹیشن ڈوڈہ انسپکٹر منجیت سنگھ نے تحت نگرانی ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرس افتخار احمد ڈوڈہ ہسپتال کے نزدیک ایک ناکہ لگایا اور ایک منشیات فروش نثار احمد ولد عنایت اللہ شیخ ساکنہ اکرم آباد، ڈوڈہ (ضلع ہسپتال ڈوڈہ کے ایک ملازم)کو گرفتار کیا اور اسکے قبضہ سے 34 Tramadol Injections نشہ آور انجکشن برآمد کی۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 259/2017 درج کیا اور تحقیقات شروع کر دی ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈوڈہ پولیس نے ایس ایس پی ڈوڈہ کی نگرانی میں منشیات کے خلاف ایک مہم چلائی ہے اور اس مہم کے تحت آج منشیات کی نویں برآمدگی ہے ۔پولیس نے ضلع میں تعدد پروگرام شروع کرکے عوام کو منشیات کی بدعت کیخلاف جانکاری دی ہے ۔ڈوڈہ کے عوام نے پولیس کی جانب سے منشیات کے خلاف جاری مہم کی سراہنا کی ہے۔
پونی میںPMGSY سڑکوں کے کام کی شروعات
زاہد ملک
ریاسی//ریاستی وزیر مملکت برائے خزانہ و منصوبہ بندی اجے نندا نے پونی میں PMGSYسڑکوں کے دوسرے مرحلہ کی کام کی شروعات کی۔اس سلسلہ میں دھنون سے سلون تک کی 2.2 کلو میٹر کی سڑک 69.89 لاکھ روپے کے تخمینہ سے مکمل کی جائے گیاور دوسری سڑک کوٹھیاں سے سعدین تک کا6 کلو میٹر 334.14 لاکھ روپے کے تخمینہ سے مکمل کی جائے گی۔بعدا زاں وزیر نے تحصیل پونے کے لوگوں کے ایک اجتماع سے بھی خطاب کیا جو کہ اس موقعہ پر اکٹھا ہوئے تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہماری سرکار کی توجہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر مرکوز ہے، جسکے تحت موجودہ سرکار نے کئی نئے پروجیکٹ شروع کئے ہیں۔انہوں نے ایگزیکٹو ایجنسی سے جاری ترقیاتی کاموں کی دیکھ ریکھ کیلئے باقاعدگی سے مانیٹرنگ کرنے کیلئے ایک موژر میکنزم تیار کرنے کو کہا ۔انہوں نے PMGSYکے تحت سڑکوں کی تعمیر کے لئے مدتی جائزہ لینے کی بھی تلقین کی۔دریں اثنا وزیر نے مقامی لوگوں کی جانب سے اُضا گر کئے گئے کئی مطالبات کا موقعہ پر ہی حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔وزیر کے ہمراہ انجینئرس و پونی کے دیگر مقامی لوگ بھی تھے۔
سرکاری محکموں پر غیر ضروری رکاوٹیں پیدا کرنے کی مذمت
ایم ایم پرویز
رام بن //رام بن کے عوام نے PMGSY اور PWD کی جانب سے رام بن میں سڑکوں کی تعمیر پر ہوئے تاخیر میں محکمہ جنگلات کی جانب سے غیر ضروری روکاوٹ پیش کرنے کی مذمت کی ہے۔عوام نے شکایت کی ہے کہ بعض متعلقہ سرکاری محکمے اس علاقہ میں درجوں سڑکوں کی تعمیر میں غیر ضروری روکاوٹیں پیش کر رہے ہیں،جسکی وجہ سے لوگوں کو پیدل چلنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔.ان لوگوں نے یہ بھی شکایت کی ہے کہ سرکار ضلع میں PMGSYاور PWDکے تحت سڑکوں کی تعمیر کرنے میں ناکام رہی ہے۔ان لوگوں نے یہ بھی شکایت کی ہے کہ ان سڑکوں کی تعمیر بانہال کےPMGSY ڈویژن نے در دست لی تھی لیکن کافی کاوشوں اور کافی انتظار کے بعدسڑکوں کی تعمیر شروع کی گئی تھی لیکن بدقسمتی کی وجہ سے تعمیراتی ایجنسی نے ایک یا دوسرا بہانہ بنا کر ان سڑکوں کی تعمیر میں روکاوٹ ڈالی ۔ان لوگوں نے یہ بھی شکایت کی ہے کہ بعض کام شروع کی گئی تھیں لیکن بیچ میں ہی اسے روک دیا گیا ۔ان لوگوں نے کہا کہ اگر چہ کئی سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں لیکن فنڈز کی عدم دستیابی سے ان کی دیکھ ریکھ نہیں ہو پائی ہے۔ان لوگوں نے الزام لگایا کہ ضلع میں گذشتہ کئی برسوں سے دور دراز علاقہ کے لوگوں کو سڑکوں کی عدم دستیابی سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ان لوگوں نے متعلقہ حُکام سے ان کے مسائل فوری طور حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔