سرینگر// پولیس نے پیپلز لیگ چیئرمین غلام محمد خان سوپوری پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کرکے اُس کو سنیچروار کی صبح کورٹ بلوال جیل جموں منتقل کیا ۔ پارٹی ترجمان نے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علیل بزرگ رہنما کے متعلق حکومتی پالیسی انتہائی ظالمانہ اور بے رحمانہ ہے اور اس کے لئے کوئی آئینی یا قانونی جواز موجودنہیں ہے ۔ ترجمان کے مطابق عدالت کی طرف سے رہائی کے احکامات کے باوجود پولیس حکام نے غلام محمد خان سوپوری کو غیر قانونی طور پر پہلے تھانہ سوپور میں نظر بند رکھا اور سنیچرکو کورٹ بلوال جیل منتقل کیا ۔ترجمان نے کہا کہ موصوف علیل ہیں اور اُن کی مسلسل نظربندی سے اُن کی صحت کافی متاثر ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمر رسیدہ اور بیمار ہونے کی وجہ سے کورٹ بلوال جیل کی شدید گرمی ان کے لئے جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے ۔انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموںسے اپیل کی ہے کہ وہ خان سوپوری کی رہائی کےلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں ۔