سرینگر// پیپلز لیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کو جے آئی سی جموں سے دوران شب تھانہ پوتکھا بارہمولہ منتقل کیا گیا اسی دوران جموں کشمیر پیپلز لیگ نے70سالہ بزرگ و علیل رہنماء غلام محمد سوپوری کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کا PSA ریاستی ہائی کورٹ نے 20 مارچ کو کالعدم قرار دیا ہے۔ موصولہ بیان میں لیگ کے قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے کہا کہ ریاستی ہائی کورٹ نے لیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کا پی ایس اے کالعدم قرار دئے جانے کے باوجود پولیس تھانے پوتکھا میں نظربند رکھنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خان سوپوری پولیس حراست میں سخت علیل ہیں۔ اور ان کا مناسب علاج ومعالجہ کیا جاتا ہے اور نہ انہیں رہا کیا جاتا ہے ۔ترجمان نے ایمنسٹی انٹر نیشنل اور حقوق بشر کے لیے سرگرم دیگر اداروں سے پْرزور اپیل کی ہے کہ وہ کشمیری نظربندوں کی حالتِ زار کا نوٹس لیں اور ان کی فوری رہائی کے لیے اپنے اثرورسوخ کو استعمال میں لائیں۔