سرینگر// پیپلز لیگ نے جیلوں میں نظربندہزاروں کشمیریوں کی حالت زار پرشدیدتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے کشمیریوں کی قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کیا جائے گا۔بیان کے مطابق سوپور کی عدالت نے پیپلز لیگ کے علیل چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کے پولیس ریماند میں 17اپریل تک توسیع کردی ہے اور انہیں صدر تھانہ سوپور بیھج دیاگیا۔لیگ کے قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے ایک بیان میں نظربندوں کی ناگفتہ بہ حالت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ناکردہ گناہوں کی سزا پانے والوں کو انتظامیہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں تعینات متعصب عملے نے نفرت اور حسد کی بنیاد پرکشمیری نظربندوں کی زندگیوں کو اجیرن بنادیا ہے اورانہیں ناقص خوراک فراہمی کے علاوہ علاج معالجے کی سہولت سے محروم رکھا جاتاہے اور انہیں تنگ و تاریک کمروں میں بھیڑ بکریوں کی طرح ٹھونس کر انہیں بدتر زندگی گزارنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔اس دوران تحریک حریت نے تنظیم کے لیڈر غلام مصطفیٰ وانی بارہ مولہ کو پھر سے ریمانڈ لاکر بلاجواز گرفتار رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ان کی رہائی میں جان بوجھ کر رُکاوٹ پیدا کررہی ہے۔ لواحقین کے مطابق عدالت نے اس کی گرفتاری اور حبس بے جا میں رکھنے کے لیے پولیس سے رپورٹ طلب کی تھی، مگر سوپور پولیس آفیسروں نے رپورٹ دینے سے انکار کرکے 18اپریل تک ریمانڈ حاصل کی۔ غلام مصطفیٰ وانی عمر رسیدہ ہونے کے ساتھ ساتھ مختلف امراض میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے ان کی صحت پر مضر اثرات پڑرہے ہیں۔