سرینگر //بابہ ڈیمب میں سڑک کھندرات میں تبدیل ہوگئی ہے۔ مقامی لوگوں کو کہنا ہے کہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے نہ صرف وہاں حادثات کا خدشہ رہتا ہے بلکہ لوگوں کو عبور و مرور میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی شہریوںنے بتایا ’’خانیار سے بابہ ڈیمب سے ہوتے ہوئے بربر شاہ تک ایک سے ڈیڑھ کلو میٹر سڑک دو طرفہ ہونے سے ایک جانب کی سڑک پر بڑے بڑے کھڈے موجود ہونے سے ناقابل استعمال ہوگئی ہے جبکہ اس ناگفتہ بہہ رابط سڑک پر محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کا اسٹیشن بھی موجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ بربر شاہ اور پائین شہر اور دیگر علاقوں کی جانب جانے والی سڑک کی خستہ حالی سے نہ صرف مقامی لوگوں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ اس سڑک سے گذرنے والی گاڑیوںمیں سوار لوگوں کو تکلیف دہ صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے‘‘۔ انہوںنے بتایا کہ سڑک میں موجود کھڈوں میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے راہگیروں کے کپڑے خراب ہوتے ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ سڑک خراب ہونے کی وجہ سے سردی کے ایام کے دوران یہاں زیادہ حادثات پیش آتے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک خراب ہونے کی وجہ سے نہ صرف لوگوں کو چلنے پھرنے میں مشکلات درپیش ہیں بلکہ بزرگوں اور عمر رسیدہ افراداور بیماروں کو بھی کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ جات سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑک کی مرمت کرکے لوگوں کو راحت پہنچائیں۔