سرینگر// حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں نے خانیار دھماکے میں ایک عام کشمیری غلام محمد خان ولد محمد عبداللہ خان کے جاں بحق ہونے پر افسوس اور دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین کے ساتھ تعزیت پُرسی کی ہے۔ایک بیان میںحریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا کہ بدقسمتی کے یہ واقعات تنازعہ کشمیر کے لٹکتے رہنے کی وجہ سے پیش آتے رہتے ہیں اور اس کیلئے صرف اور صرف بھارتی حکمرانوں کی ضد اور ہٹ دھرمی ذمہ دار ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ہٹ دھرمی کی وجہ سے اس خطے میں سیاسی غیریقینیت کی صورتحال قائم ہے اور قیمتی انسانی زندگیوں کا اتلاف بھی جاری ہے۔ حریت(ع) ترجمان نے نہتے شہری غلام محمد خان کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں جاری غیر یقینی سیاسی صورتحال اکثر و بیشتر نہتے شہریوں کی ہلاکت کا سبب بن جاتی ہے۔