عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے ممبر پارلیمنٹ میاں الطاف احمد نے پیر کو ضلع رام بن اور جنوبی کشمیر کے دیگر علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے کسانوں میں زیادہ تر خانہ بدوش خاندانوں کو ہونے والے نقصانات بالخصوص مویشیوں کی ہلاکت پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کو فوری امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایک بیان میں میاں الطاف نے کہا کہ کئی خانہ بدوش خاندانوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں مویشی جو وادی کشمیر کی طرف موسمی ہجرت کر رہے ہیں، سرینگر جموں شاہراہ کے ساتھ واقع رام بن اور دیگر علاقوں میں خراب موسم اور سیلاب کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیں جس سے مویشی مالکان پریشانی میں مبتلا ہیں۔ میاں الطاف نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ان لوگوں کو ان کے نقصانات کا مناسب معاوضہ فراہم کرے۔