ریاسی//خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین و قبائلی امور چودھری ذوالفقار علی نے کہاکہ حکومت قبائلی طبقوں سے وابستہ لوگوں کی بہبودی کے سلسلے میں ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے جن میں تعلیم کے ذریعے اس طبقے کو بااختیار بنانا شامل ہے۔وزیر تلواڑا ۔ ریاسی میں موجودہ بوائز ہوسٹل کے ایک اضافی بلاک کی تعمیرکے سلسلے میں سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس پر ایک کروڑ روپے خرچ کیا جارہا ہے۔انہوں نے طالبات کے لئے ہوسٹل عمارت کا بھی سنگ بنیاد رکھا جس پر 3.25کروڑ روپے کی رقم خرچ کی جائے گی۔وزیر نے کہا کہ ان کے تلواڑا کے پہلے دورے کے دوران انہوں نے کچن کم ڈائننگ ہال کی تعمیر کے سلسلے میں 50لاکھ روپے واگذار کئے تھے اور وعدہ کیا تھا کہ قبائلی طبقے سے تعلق رکھنے والے طلاب کےلئے ہوسٹل تعمیر کئے جائیں گے ۔وزیر کو اس موقعہ پر بتایاگیا کہ طالبات کے ہوسٹل میں 100طالبات کی رہائشی سہولیات فراہم ہوں گی جبکہ اضافی بلاک میں مزید 50طالبات کے لئے رہائشی سہولیات فراہم ہوں گی۔وزیرنے کہاکہ یہ عمارتیں ایک سال کے اندر مکمل ہوں گی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ ان عمارتوں پر جاری کام کی نگرانی کریںاورکام کے دوران استعمال کئے جارہے تعمیراتی مواد کے معیار کا خیال رکھے۔ وزیرنے مزید کہا کہ موجودہ حکومت تلوارا کے نزدیک ایک قبائلی گاﺅں تعمیر کر رہا ہے جس پر 10کروڑ روپے صرف کئے جائیں گے۔خزانہ اور منصوبہ کے وزیر مملکت اجے نندا نے اس موقعہ پر اپنے خطاب میںکہا کہ بہتر انتظامیہ کی فراہمی کو یقینی بنانا تبھی ممکن ہے جب ریاست کے تمام طبقوں کی فلاح وبہبود کی طرف خصوصی توجہ دی جائے گی۔وزیر کے ہمراہ کمشنر سیکرٹری قبائلی امور ، ڈپٹی کمشنر ریاسی ، ڈائریکٹر قبائلی امور ، ڈائریکٹر خوراک، سیکرٹری ایڈوائزری بورڈ ، ایس ایس پی اور دیگر افسران بھی تھے۔