جموں// جموں کشمیر سرکار نے خانہ بدوش گوجر و بکروال کیلئے نئی راشن پالیسی لاگو کی ہے جس کے تحت گوجر و بکروال طبقہ کو ہجرت کی گئی جگہ پر بھی راشن دتیاب کیا جائے گا اور اور راستے میں بھی ان کیلئے راشن کی سہولیات میسر کی جائے گی۔ وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین چودھری ذوالفقار علی کی طرف سے ہدایات ملنے کے بعد محکمہ نے گورنمنٹ آرڈر نمبر49جاری کیا ہے جس کے تحت 8مارچ سے اس پالیسی کو ریاست جموں کشمیر میں لاگو کیا گیا ہے۔ اس آرڈر کے تحت ان تمام گوجر و بکروال لوگوں کو ان مقامات پر راشن ملے گا جہاں وہ سردیوں یا گرمیوں کے دوران ہجرت کرتے ہیں ۔ آرڈر کے تحت انہیں نیشنل فوڈ سکیورٹی ایکٹ اور مفتی محمد سعید فوڈ انٹائٹل منٹ اسکیم کے تحت ہی راشن ملے گا اور ان ہی قیمتوں پر ملے گا جبکہ تہواروں پر انہیں باقی لوگوں کیساتھ ساتھ اضافی راشن یا کھانڈ بھی ملے گا۔ ان خانہ بدوش طبقوں کو نہ صرف چاول آٹا یا کھانڈ دستیاب کیا جائے گا بلکہ ان کیلئے تیل خاکی کا اپنا کوٹہ بھی دستیاب رکھا جائے گا۔ واضح رہے کہ گوجر و بکروال طبقہ کی طرف سے یہ شکایات موصول ہورہی تھی کہ خانہ بدوش طبقہ کے لوگوں کو جائے ہجرت پر راشن دستیاب نہیں کیا جاتا تھا جس پر وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین چودھری ذوالفقار علی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے محکمہ کو حکم نامہ جاری کیا کہ وہ اس ضمن میں موثر پالیسی مرتب کریں تاکہ گوجر و بکروال طبقہ کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اسی سلسلے میں محکمہ نے 8مارچ کو یہ آرڈر جاری کرکے اس پالیسی کو ریاست میں لاگو کردیا ہے۔