جموں//گوجربکروال اصلاحی کمیٹی نے ریاستی حکومت سے خانہ بدوش گوجربکروالوں کیلئے نقل مکانی سے متعلق ٹھوس پالیسی مرتب کرنے کامطالبہ کیاہے۔یہاں جاری پریس ریلیز میں گوجربکروال اصلاحی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری چوہدری اخترحسین نے کہاہے کہ خانہ بدوش گوجربکروالوں کو موسمی نقل مکانی کے دوران سخت پریشانیوں کاسامناکرناپڑرہاہے۔ انہوں نے کہاکہ فرقہ پرست عناصر نے خانہ بدوشوں کانقل مکانی کے دوران قافیہ حیات تنگ کررکھاہے جوتشویشناک وسازشی معاملہ ہے۔انہوں نے کہاکہ خانہ بدوشوں کی نقل مکانی صدیوں سے ہوتی آرہی ہے اورآج بھی جموں، سرینگر، ڈوڈہ،کشتواڑ،بھدرواہ سے پہاڑی علاقوں میں چھ ماہ کیلئے ہجرت کرتے ہیں لیکن افسوس کامقام ہے کہ موجودہ گورنر این این ووہرہ کے اعلان کے باوجودبھی دیدہ دانستہ آبادکاری عمل کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے الزام لگایاکہ موجودہ مخلوط حکومت ناگپورکے ایجنڈے پرکام کررہی ہے جس کی وجہ سے آئے دن فرقہ پرست عناصر مال مویشی لے کرپہاڑوں کی طر ف جانے والے گوجربکروالوں پرحملہ کرکے انہیں ہراساں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گوجربکروالوں کونقل مکانی کے دوران طرح طرح کی پریشانیوں کاسامناکرناپڑرہاہے جن کی طرف حکومت کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ خانہ بدوش گوجربکروال اپنے ہی ملک میں پرائے ہوکر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فوری طورپر خانہ بدوشوں کوتنگ کرنے والے فرقہ پرست عناصرکے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیئے ۔انہوں نے ریاستی حکومت پر خانہ بدوشوں کی نقل مکانی سے متعلق ٹھوس پالیسی مرتب کرنے کیلئے زوردیاہے۔