فیاض بخاری
بارہمولہ// قصبہ بارہمولہ کے خانپورہ پُل سے لیکر درنگبل تک سڑک خستہ حالی کا شکار ہے جس کے نتیجے میں مکینوں میںمحکمہ تعمیرات عامہ کے خلاف سخت نارضگی پائی جاتی ہے ۔ لوگوں کے مطابق اس سڑک کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ ہے ،جس کے نتیجے میں مقامی لوگوں کے علاوہ ٹرانسپورٹروں اور طلاب کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔لوگوں نے محکمہ آر اینڈ بی پر لاپرواہی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس سڑک کی مرمت کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ اشفاق احمد نامی ایک باشندے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مذکورہ سڑک کی موجودہ حالت اس قدر خستہ ہے اس پر اب ٹریفک چلانا دشوار بن رہا ہے اور ٹرانسپورٹر بھی مشکل سے ہی اس سڑک پر اپنی گاڑیاں چلاتے ہیں ۔ سڑک پر جگہ جگہ گہرے گڑھے بن گئے ہیں جبکہ دوران سفر مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کو انتہائی عذاب اور جسمانی تکلیفوں کا سامنا کرنا پڑ رہاہیں ۔ انہوںنے مزید بتایا کہ اگرچہ کئی ایک سڑکوں پر تارکول بچھایا گیا ہے تاہم اس سڑک کو بار بار نظر انداز کیا جارہا ہے۔ لوگوں نے محکمہ آر اینڈ بی پر اس بارے میں غفلت برتنے کا الزام لگایا اور کہا کہ بار بار کے کہنے کے بعد بھی متعلقہ محکمہ اس سڑک کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے کوئی بھی اقدامات نہیں کر رہا ہیں جس کا خمیازہ مقامی لوگوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اور وزیر علیٰ عمر عبداللہ سے مطالبہ کیا ہے اس سڑک کی جلد از جلد مرمت کریں تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات سے راحت مل سکے۔