سرینگر// دین اسلام کے عظیم داعی حضرت سیدنا عباسؓ ، سیدنا حضرت علیؓ اور حضرت سید شاہ ہمدانؒ (بانی اسلام کشمیر) کے عرس مبارک ایک ساتھ پوری عقیدت واحترام کے ساتھ منائے گئے۔ اِس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب خانقاہ معلی میں منعقد ہوئی۔صبح صادق ہی نمازِ فجر کے بعد ایک پُروقار اور روح پرور تقریب پر خانقاہِ معلی کا گنبدہ شریف ، جو 15نومبر2017کو شہید ہوا تھا، کی تعمیر نو مکمل کی گئی۔ گنبد شریف کی تعمیر نو میں بقعہ عالیہ کے سجادہ نشین پیربزرگ الحاج پیرزادہ عبدالرشید شافی اور خدامانِ زیارت شاہ ہمدانؒ کی احسن کوششیں شامل حال ہیں۔ تقریب پر بقعہ عالیہ کے امام و خطیب امام حاجی غلام محمد ہمدانی، نائب امام حاجی بلال احمد، موزن حضرات، فاتح خواں ہزار، سورخواں حضرات، علمبردار اور اوراد خواں حضرات ،منصب دار حضرات اور جمعیت ہمدانیہ کے زعما بھی موجود تھے ۔ نماز جمعہ کے بعد ختمات المعظمات ، درود ازکار کی مجلس آراستہ ہوئی، جس کی پیشوائی امام بقعہ عالیہ الحاج امام غلام محمد ہمدانی نے کی، جس میں عقیدتمندوں نے شرکت کی۔ وادی کے تمام خانقاہوں میں بھی ایسی ہی تقریبات کا انعقاد ہوا جبکہ خانقاہِ فیض پناہ ڈورو شاہ آباد، ترال، وچی، سیر ہمدان، سوپور، چرار شریف، پانپور ، کھاگ ، خانقاہِ حضرت ایشان شیخ یعقوب صرفیؒ میں خطمات المعظمات، درود و ازکار کی مجالس بھی آراستہ ہوئیں۔