جموں //وزیر تعلیم الطاف بخاری نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم میں خالی پڑی اسامیوں کو فاسٹ ٹریک بنیادوں پر پوری کی جائیں گی۔وزیر تعلیم سید الطاف بخاری نے سوموار کو محکمہ تعلیم اور اعلیٰ تعلیم کے افسران کی میٹنگ طلب کی جس میں تعلیم کے شعبے میں درپیش مشکلات اور ترقی کے منصوبوں کی عمل آوری پر غور و خوض کیا گیا ۔ میٹنگ میں سیکریٹری سکول ایجوکیشن فاروق احمد شاہ، چیرپرسن بورڈ ووینا پنڈتا ، ڈائریکٹر ایس ایس ائے عبدالرشید وار ، ڈاکٹر آر ایم ایس ائے طفیل متو ، ڈائریکٹر کالج ،ڈائریکٹر ایجوکیشن جموں ، ایڈیشنل سیکریٹری ہائر ایجوکیشن اور دیگر افسران نے حصہ لیا۔ وزیر تعلیم نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ تعلیم میں بھرتی عمل کا مسئلہ ایس ایس آر بی کے افسران کے ساتھ اٹھائیں تاکہ محکمہ تعلیم میں خالی پڑی اسامیوں کو جلد سے جلد پر کیا جائے اور اس سلسلے میں جلد اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس ایس ائے اور آر ایم ایس ائے کو ہدایت دی کہ وہ خالی پڑی اسامیوں کو پر کرنے کیلئے فاسٹ ٹریک بنیادوں پر کریں۔ سکولوں کی ترقی کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں میں تعمیری کام مقررہ وقت میں مکمل ہوجائے اور تمام افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ مسائل کے ازالے کیلئے اقدامات کریں۔ وادی میں جاری دسویں اور بارہویں کے امتحانات بغیر خلل مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے تمام افسران سے کہا کہ وہ صاف و شفاف امتحانات کو یقینی بنائیں تاکہ کوئی بھی امتحانات کے دوران غلطی نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی نشونما میں تعلیم اور سماج کا انتہائی اہم رول ہے اور ریاستی حکومت تعلیم کی کلہم ترقی کی وعدہ بند ہے۔