عارف بلوچ
سرینگر // اننت ناگ ضلع کے دور افتاد گائوں گڈول کوکرناگ میں ایک خاتون نے سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے ایک خاتون کی اپنے گھر پر ہی زچگی ہوئی ،تاہم پیدائش کے فوراً بعد ہی بچے کی موت واقع ہو گئی۔ خاتون، جس کی شناخت مسرت جان کے طور پر ہوئی ہے، ماگرے پورہ گڈول کی رہنے والی ہے۔ خاتوان نے ہفتہ کی صبح 11 بجے کے قریب بچے کو جنم دیا۔اسے ہسپتال لیجانے کی کوشش کی گئی لیکن علاقہ بہت دور اور پہاڑی ہونے کی وجہ سے یہاں بھاری برفباری ہوئی تھی اور برف نہیں ہٹائی گئی تھی۔لہٰذا خاتون کی زچگی گھر میں ہی ہوئی لیکن بچہ زندہ نہیں رہ سکا۔ خاتون کے رشتہ داربلال احمد ماگرے نے بتایا “ہم نے صبح سویرے سے تحصیل انتظامیہ اور روڈ کلیئرنس کے ذمہ دار افسران سے بار بار رابطہ کیا، لیکن کوئی مدد فراہم نہیں کی گئی۔ برف ہٹانے کیلئے ایک جے سی بی بھی نہیں بھیجی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آشا کارکنوں اور صحت کے عہدیداروں کی کوششوں کے باوجود،بند سڑک کی وجہ سے وہ خاتون تک نہیں پہنچ سکے۔ ایس ڈی ایم کوکرناگ، سہیل احمد لون نے کہا’’انتظامیہ نے وہاں تک پہنچنے کی پوری کوشش کی، لیکن بھاری برفباری کی وجہ سے ایسا نہیں ہو سکا۔ ہم نے ایک گاڑی بھیجی، لیکن سڑک پر بھاری پھسلن تھی۔انہوں نے کہا کہ خاتون کی گھر پر ڈلیوری ہوئی اس کو طبی غفلت کا معاملہ نہیں قرار دیا جا سکتا ہے ۔