راجوری //گزشتہ روز راجوری سے جموں لیجاتے ہوئے راستے میں دم توڑ دینے والے خاتون کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ اہل خانہ کا الزام ہے کہ موت ڈاکٹروں کی لاپرواہی کے نتیجہ میںہوئی ہے ۔ذرائع کے مطابق اہل خانہ نے ڈپٹی کمشنر راجوری سے بھی ملاقات کرکے ان سے ڈاکٹروںکی لاپرواہی کی شکایت کی ۔ اس دوران انتظامیہ کی طرف سے اے سی محکمہ مال کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اس واقعہ کی تحقیقات کرے گی ۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم خاتون کے گھر ڈھسل گئی جہاں اس کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیاگیا ۔ بعد ازاں لاش دفنا دی گئی ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ 26سالہ ممتا کماری زوجہ دیپ راج ساکن ڈھسل نے گزشتہ روز شام پانچ بجے راجوری ہسپتال میں چھوٹے آپریشن سے ایک بچے کو جنم دیالیکن اس کے بعد اس کی حالت بگڑنے لگی اور اسے جموں منتقل کیاگیاتاہم راستے میں ہی اس نے دم توڑ دیا ۔اس دوران رشتہ داروں نے جموںپونچھ شاہراہ کو بند کرکے محکمہ صحت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور ڈاکٹروں پر لاپرواہی برتنے کا الزام لگایا۔احتجاج کو دیکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنراور ایس ایس پی موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے تحقیقات کا یقین دلاکر احتجاج ختم کرایا۔