سرینگر+کرگل/خاتون جنت جناب فاطمة الزہراؑ کے یوم وفات کے سلسلے میں انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی کے متعدد مقامات پر مجالس عزا منعقد کی گئیں اور سب سے بڑا اجتماع مرکزی امام باڑہ بڈگام میں منعقد ہوا ۔ عقیدت مندوں سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے جناب فاطمة الزہرا ؑ کے سیرت و کردار کے کئی گوشوں کی وضاحت کی۔ آغا حسن نے کہا کہ جناب زہراؑ کا سیرت و کردار خواتین عالم کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جناب زہراؑ نے اپنے سیرت و کردار کی صورت میں خواتین کے مقام و منزلت اور عزت و وقار کے تحفظ کا ایک لائحہ عمل مرتب کیا جو رہتی دنیا تک خواتین کے حقوق، فرائض اور صنف نازک کے تحفظ کے تقاضوں کی طرف عالم بشریت کو متوجہ کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی حفاظت موجودہ مہذب دور میں بھی ایک معمہ بنا ہوا ہے۔ آغا حسن نے کٹھوعہ جموں میں ایک کمسن مسلمان لڑکی کی عصمت دری کے بعد قتل کے حالیہ سانحہ میں ملوث نوجوان کے ساتھ فرقہ پرست ہندووں کے اظہار یکجہتی کو انتہائی شرمناک قرار دیا۔ آغا حسن نے واضح کیا کہ اگر ملوث نوجوان کو کیفر کردار تک نہ پہنچایا گیا تو صوبہ جموں کے مسلمان مزید عدم تحفظ کا شکار ہوجائیں گے جس کا کشمیر میں بھی شدید رد عمل سامنے آئے گا۔ادھرکرگل سے کشمیرعظمیٰ کے نمائندے ضیاالا اسلام کے مطابق کرگل میں منگلوار کو پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی صاحبزادی حضرت فاطمہؑ کا یوم وفات عقیدت و احترام سے منایا گیا ۔ٹھٹھرتی ٹھنڈ میں عزاداروں کا ایک جلوس کرگل سے برآمد ہوا جس کا اہتمام اسلامیہ سکول کرگل اور امام خمینی میموریل ٹرسٹ کی جانب سے کیا گیا تھا۔ عزاداری کا جلوس قتل گاہ حسینی اور حسینی پارک میں اختتام پزیر ہوئے جہاں علماءنے حضرت فاطمہؑ کی زندگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ادھر تائی سورومیں بھی انجمن صاحب الزمان اور انقلاب مہدی نے بھی ایسے ہی عزادی کے جلوسوں کا اہتمام کیا ۔