جموں// ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے ذرائع ابلاغ اور پولیس کے مابین رشتوں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں اداروں نے مکمل تال میل اور بھائی چارے کے ساتھ کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات باعثِ اطمینان ہے کہ میڈیا اور پولیس اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں احساسِ ذمہ داری کے ساتھ نبھا رہے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے ریاست میں صحافیوں کو درپیش مشکلات میں اُن کے رد عمل پر اُن کی سراہنا کی ہے۔ڈی جی پی نے اُمید ظاہر کی ہے کہ ذرائع ابلاغ اپنی ذمہ داریاں لگن، تندہی اور خوش اسلوبی کے ساتھ نبھائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پولیس میڈیا کے نمائندوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔حالیہ دنوں ایک فوٹو جرنلسٹ اور ایک پولیس آفیسر کے مابین پیش آئے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر وید نے اُمید ظاہر کی کہ ایسے واقعات قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں اور میڈیا کے رشتوں کے مابین رکاوٹ نہیں بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی پولیس میڈیا کے ساتھ صلاح ومشورے کے بعد فوٹو جرنلسٹوں کو خصوصی شناختی بیج فراہم کرنے پر غور کر رہی ہے تا کہ فوٹو جرنلسٹوں کو اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔