سرینگر// شوپیاں میں شہری ہلاکتوں کے خلاف حیدر پورہ میں حریت(گ) کی طرف سے جامع مسجد حیدر پورہ کے صحن میں احتجاج ہوا۔احتجاجی مظاہرے میں محمد یاسین عطائی،معراج الدین ربانی،نثار احمد بٹ،ظہور احمد بیگ،امتیاز حیدر اور دیگرلوگوں نے شرکت کی۔عینی شاہدین کے مطابق احتجاجی مظاہرین نے اسلام و آزادی کے حق اور شہری ہلاکتوں کے خلاف نعرہ بازی کی ۔مظاہریننے اپنے ہاتھوں میں بینر اور پلے کاڑ اٹھائے رکھے تھے ،جن پر ’’قتل عام بند کرو‘‘، ’’ کشمیریوں کی نسل کشی اور شہری ہلاکتوں پر روک لگائو‘‘ جیسے نعرے لکھے گئے تھے ۔ اُنہوں نے فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کو افسوسناک قرادیا اور کسی بین الاقوامی ایجنسی کے ذریعے اس کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ دہرایا۔کچھ دیر احتجاج درج کرنے کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوئے۔معلوم ہوا ہے کہ بعد میں تحریک حریت کے سنیئر کارکن امتیاز حیدر کو حیدرپورہ دفتر سے باہر نکلتے ہی ائرپورٹ روڑ پر گرفتار کیا گیا۔