سرینگر//حیدرپورہ میں اُس وقت افرا تفری کا ماحول بپا ہوا جب سنیچر کی سہ پہر نامعلوم جنگجوئوں نے بائی پاس فلائی آور کے نزیک سی آر پی ایف کی ناکہ پارٹی پر نامعلوم سمت سے ایک ہتھ گولہ داغا جو سڑک کے بیچوں بیچ زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ اس دروان علاقہ میں افرا تفری کا ماحول بپا ہوا جس دوران لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگ گئے۔ اس دوران ذرائع سے معلوم ہو اہے کہ جنگجوئوں کے طرف سے ہتھ گولہ داغنے کے نتیجے میں سی آر پی ایف کا ایک اہلکار معمولی طور پر زخمی ہوا جسے علاج و معالجہ کی خاطر ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ادھر حملے کے فوراً بعد سیکورٹی کے اعلیٰ حکام جائے واردات پر پہنچ گئے جنہوں نے یہاں حالات کا جائزہ لیا۔ اس دوران سیکورٹی فورسز نے حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالنے کی خاطر علاقہ میں تلاشی کارروائیوں کا آغاز کیا جس دوران راہ گیروں کی جامہ تلاشی کے علاوہ ان کے شناختی کارڈ چیک کئے گئے تاہم آخری اطلاعات موصول ہونے تک کسی کی بھی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔