حیدرآباد//دورآصف جاہی کی عظمت والی عمارت فلک نما پیالس روشنیوں سے جگمگارہی ہے ۔ پرانے شہر حیدرآباد میں واقع یہ عمارت جسے فائیو اسٹارہوٹل میں تبدیل کردیاگیاہے کو ایک بڑے مہمان کاانتظار ہے ۔ منگل کے دن ملک کے وزیراعظم نریندرمودی اورامریکی صدر ڈونالڈٹرمپ کی دختر ومشیر وائٹ ہاوس ایوانکا ٹرمپ دنیا بھرکے منتخب قائدین، صنعتکاروں، وسرمایہ کاروں کی کہکشاں کے ساتھ فلک نما پیالس میں ڈنر کریں گے ۔ یہ بتایاجاتاہے کہ جس طرح فلک نما پیالس میں آنے والے مہمانوں کا آصف جاہی روایات کے مطابق بگھی میں استقبال کیاجاتاہے وزیراعظم نریندرمودی اور ایوانکاٹرمپ کے لئے بھی اس طریقے کے نظم کی تیاریاں کی گئی ہیں ۔ بیرو نی اور قومی معززین کے لئے ہوٹل کو روشنیوں سے پرنو ر کردیاگیاہے ۔سیکوریٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ امریکی مہمان کے لئے امریکی سیکوریٹی، کے ساتھ ملک کی ایس پی جی بھی حفاظتی انتظامات میں شامل رہے گی۔ عشائیہ کے ساتھ ساتھ تہذیبی پروگرامس بھی جس میں دکنی تہذیب بھی شامل ہے کو پیش کیاجائے گا۔ ایوانکا ٹرمپ اس عشائیہ پر جن جن افراد سے ملاقات کریں گی اس کا بھی سیکوریٹی جائزہ لیاگیاہے ۔ اپنی نوعیت کے اس منفرد عشائیہ میں جس کا اہتمام نیتی آیوگ حکومت ہندنے کیاہے میں تلنگانہ کے وزیراعلی کے علاوہ دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلی، قومی وبین الاقوامی سرمایہ کار وصنعتکار،ہالی ووڈ سے وابستہ شخصیتیں بھی شرکت کریں گی۔یواین آئی