یواین آئی
حیدرآباد/ہندوستانی ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر محمد سراج نے سال 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹسٹ کرکٹ میں اب تک سب سے زیادہ وکٹس حاصل کئے ۔ دہلی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ کے دوران حیدرآبادی گیند باز نے یہ سنگ میل عبور کیا، جو ان کے کیریئر کا ایک تاریخی لمحہ ثابت ہوا۔ تفصیلات کے مطابق سراج نے اس سال اب تک 8 ٹسٹ میچوں کی 15 اننگز میں 37 وکٹیں حاصل کیں، جن میں دو مرتبہ پانچ وکٹوں کے کارنامے بھی شامل ہیں۔ ان کی شاندار گیند بازی نے ہندوستان کو کئی اہم کامیابیاں دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 2025 کے ٹاپ وکٹ ٹیکرس کی فہرست اس طرح ہے ۔1 محمد سراج (ہندوستان) 37 وکٹیں (15 اننگز)،2 بلیسنگ مزرابانی (زمبابوے ) 36 وکٹیں (13 اننگز)،3 مچل اسٹارک (آسٹریلیا) 29 وکٹیں (14 اننگز)،4 نیتھن لائن (آسٹریلیا) 24 وکٹیں (11 اننگز)،5 جومیل واریکن (ویسٹ انڈیز) 24 وکٹیں (9 اننگز)۔ زمبابوے کے بولر بلیسنگ مزرابانی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سراج نے فہرست میں پہلا مقام حاصل کیا، جس سے ان کی مستقل مزاجی اور فٹنس کا اندازہ ہوتا ہے ۔ محمد سراج کے لئے 2025 کا سال انتہائی یادگار رہا۔ انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز میں انہوں نے 23 وکٹیں حاصل کئے ۔ اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف دو میچوں کی سیریز میں انہوں نے مزید 10وکٹیں حاصل کیں۔