بڈگام// وسطی ضلع بڈگام کے چاڈورہ علاقے میں فوج اور جنگجوئوں کے درمیان مختصر جھڑپ میں2 جنگجو جاں بحق ہوئے ۔جھڑپ کے بعد علاقے میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔چاڈورہ کے حیات پورہ علاقے میں سنیچر کی سہ پہر کو فوج،فورسز اور پولیس کے خصوصی آپریشن گروپ نے گھیرے میں لیا جس کے ساتھ ہی انہوں نے تلاشیوں کا سلسلہ شروع کیا۔ آپریشن میں فوج کی53آر آر کے علاوہ ٹاسک فورس اور سی آر پی ایف اہلکار بھی شامل تھے۔ اس دوران مختصر سی جھڑپ ہوئی جس کے دوران2جنگجومارے گئے ۔ تاہم مقامی لوگوں کے مطابق چاڈورہ کے حیات پورہ میں اس وقت خوف و دہشت کی لہر پھیل گئی جب سنیچر کی شام فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا اور اس دوران جب2عسکریت پسند نزدیکی پہاڑی سے کسی اور جگہ جا رہے تھے تو ان پر پیچھے سے گولیاں چلائی گئیں جس کے دوران دونوں جنگجوجاں بحق ہوئے۔ادھر دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ چاڈورہ کے حیات پورہ علاقے میں2عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا اور جنگجوئوں سے2ائے کے47 رائفلیں اور ایک پستول برآمد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ فوج اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کو کوئی بھی نقصان نہیں پہنچا۔انکا کہنا تھا کہ ایک جنگجو کی شناخت یونس مقبول گنائی ساکن پاتری گام چاڑورہ کے طور پر کی گئی ہے۔اس سے قبل جب جنگجوئوں کے جان بحق ہونے کی خبر چاڑورہ میں پھیل گئی تو آناً فاناً دکانیں بند ہوگئیں اور کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہوئیںجبکہ فورسز اور نوجوانوں کے درمیان سنگبازی کا سلسلہ بھی شروع ہوا۔ فورسز نے نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلئے ٹیر گیس گولوں کا استعمال بھی کیا۔