سرینگر//ممبر اسمبلی خانصاحب حکیم محمد یاسین نے حلقہ انتخاب خانصاحب کی ایک جائزہ میٹنگ کے دوران حلقہ انتخاب خانصاحب میں مختلف زیر تعمیر بڑے بڑے پروجیکٹوں کی تعمیر و ترقی کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں علاقہ خانصاحب کے بعض اہم رابطہ سڑک پروجیکٹوں پر جاری کام کی پیش رفت کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ حکیم یاسین نے افسروں پر زور دیا کہ سی آر ایف اسکیم کے تحت رندک دجی نامی جوالا پورہ وترہیل تا یاری خواہ رابطہ سڑک جو سترہ کروڑ روپئے کی لا گت سے تعمیر کی جارہی ہے پر ہورہے کام میں سرعت لائی جائے تاکہ اگلا سیاحتی سیزن شروع ہونے سے قبل ہی یہ شاہراہ آمد و رفت کے قابل بن سکے۔حکیم یاسین نے افسران سے کہا کہ رائتھن کچھواری سڑک کی تعمیر کیلئے انہوں نے نبارڑ اسکیم کے تحت لگ بھگ ساڑھے تین کروڑ روپئے منظور کروائے ہیں اسلئے رواں مالی سال کے دوران ہی اس کام کیلئے ٹینڈر نگ کو مکمل کیا جانا چاہئے تاکہ اگلے مالی سال کا آغاز ہوتے ہی اس پر کام شروع کیا جاسکے۔حکیم یاسین نے کہا کہ ڈبی پورہ تا ذبہ گلو رابطہ سڑک کی تعمیر و تجدید کیلئے بھی375 ہزار روپئے کی کثیر رقم منظور کرواچکے ہیں۔انہوں نے افسران سے تلقین کی کہ وہ تعمیری ایجنسیوں کو مذکورہ سڑک پروجیکٹ کی تعمیر میں سرعت لانے کیلئے زور دیں تاکہ اگلے سال اس اہم روڑ پر تارکول بچھایاجاسکے۔محکمہ بجلی سے وابستہ عملے سے مخاطب ہوتے ہوئے حکیم یاسین نے کہا کہ وہ وترہیل اور آری زال میں تعمیر ہوچکے بجلی رسیونگ اسٹیشنوں کو رواں ماہ کے دوران ہی عوام کے نام وقف کرانے کے قابل بنائیں تاکہ سردی کے ان ایام میں وترہیل اور آری زال علاقوں سے وابستہ دیہات کو بلا خلل بجلی مہیا کرائی جاسکے۔