سرینگر// جنتا دل یونائیٹڈ کا ایک وفد جی ایم شاہ کی قیادت میں گورنر این این ووہرا سے راج بھون میں ملے ۔ وفد نے گورنر کو آئین ہند کے دفعہ 35 اے کو درپیش قانونی چیلنج سے متعلق پارٹی کے خیالات سے آگاہ کیا اور مرکزی دھارے کے رہنماؤں کیلئے حفاظتی خطرات اور گمشدہ افراد سے متعلق معاملات اٹھائے ۔ گورنر نے خیال ظاہر کیا کہ دیہی اور بلدیاتی خود مختار اداروں کے قیام اور فعالیت سے ریاستی عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کو فروغ حاصل ہو گا ۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو ریاست میں امن و امان بحال کرنے کیلئے متحد ہو کر کام کرنے کیلئے کہا ۔ اس دوران ایم ایل اے خانصاحب حکیم محمد یاسین یہاں راج بھون میں گورنر سے ملے ۔ اپنے حلقہ انتخاب کی ترقی سے متعلق معاملات اٹھانے کے علاوہ حکیم یاسین نے گورنر کو ریاست میں امن و امان کی بحالی اور ریاست کی یکساں ترقی یقینی بنانے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔ گورنر نے حکیم یاسین کی تشویش کو سراہا اور انہیں ریاست میں امن و آشتی کے ماحول کو فروغ دینے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھنے کی تلقین کی ۔ گورنر نے رُکنِ اسمبلی کو والدین اور اساتذہ کو صلاح دینے کیلئے بھی کہا تا کہ نوجوان کوامن عامہ کی صورتحال کو درہم برہم کرنے کی سرگرمیوں سے دور رکھا جا سکے ۔ دریں اثناء ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے ممبران ڈاکٹر ایس ایس بلوریہ اور بی بی وِیاس نے ریاست کے گورنر این این ووہرا سے راج بھون میں ملاقات کی۔ میٹنگ کے دوران پلگرمز کو مزید بہتر سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں شرائین علاقے میں موجودہ بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینے اور بہتری لانے پر غور و خوض ہوا۔ ویشنو دیوی کی گورننگ باڈی کے چیئرمین ڈاکٹر بلوریہ نے گورنر کو بتایا کہ پچھلے مہینے سے گرو کل میں شاستری کلاسز شروع کئے گئے ہیں۔