سرینگر// ریاستی کانگریس نے موجودہ صورتحال کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جائزہ لیا ۔ منگل کوسرینگر میں کانگریس پارٹی کی ایک غیر معمولی نشست منعقد ہوئی جس جس کی صدارت پارٹی کے صدر غلام احمد میر نے کی ۔ میٹنگ میں کانگریس کے سینئر لیڈران پیرزادہ محمد سعید، تاج محی الدین ، عثمان مجید ، گلزار احمد وانی ، فاروق اندرابی ، ہلال احمد شاہ ، جی این میر لسجن ، عبدالغنی خان وغیرہ نے شرکت کی ۔ میٹنگ میں کشمیر کی مجموعی سیاسی اور سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ غلام احمد میر نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر کی موجودہ صورتحال کو تشویشناک قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی بھاجپا مخلوط حکومت کی ناکامیوں اور عوام کش پالیسیوں کے نتیجے میں کشمیر کی صورتحال دن بہ دن ابتر ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناکامیوں کے نتیجے میں ریاست خاص طور پروادی کشمیر میں غیر یقینی صورتحال بنی ہوئی ہے اور پوری و ادی اس وقت بھی ابل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کے تئیں غلط پالیسیاں اختیار کی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں تینوں خطوں کے عوام کو مشکلات و مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ غلام احمد میر نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں جموںوکشمیر میں ترقیاتی عمل بھی منجمد ہوکے رہ گیا ہے جبکہ موجودہ مخلوط حکومت ریاستی عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی ۔