سرینگر//بجٹ اجلاس کے دوران حزب اختلاف کی طرف سے حکومت کو گھیرنے کی تیاریوں کے بیچ سرمائی دارالحکومت جموں میں2 جنوری سے شروع ہونے والے بجٹ اجلاس سے قبل مخلوط سرکار کی کارڈی نیشن کمیٹی کا مجوزہ اجلاس آج یعنی سنیچر کو منعقد ہوگا،جس کے دوران اجلاس سے متعلق کئی معاملات پر تبادلہ خیال ہوگا،اور حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ کی سربراہی میں منعقد ہونے والی میٹنگ میں پی ڈی پی اور بھاجپا کے کارڈی نیشن کمیٹی ممبران اجلاس میں کررہے ہیں۔اجلاس کے دوران مخلوط سرکار کی سال بھر کی کارکردگی کے علاوہ مخلوط سرکار کے ایجنڈا اور اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اپوزیشن سے نپٹنے کیلئے حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی پی کی طرف سے پارٹی کے نائب صدر سرتاج مدنی کے علاوہ،مال اور حج و اوقاف کے وزیر عبدالرحمان ویری،دلاور میر اور ترلوک سنگھ باجوہ،جبکہ بھاجپا کی طرف سے پارلیمنٹ ممبر جگل کشور کے علاوہ شمشیر سنگھ منہاس،تھپستان چیوانگ اور نریندر سنگھ شمولیت کرینگے۔ معلوم ہوا ہے کہ ایجنڈا میں مرکزی سرکار کی طرف سے نامزد مذاکرتکار دنیشور شرما کے مشن کشمیر، ملازمین کی سماجی میڈیا پر بندشوں اور عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے اعلان کا معاملہ بھی زیر غور لایا جائے گا۔اس دوران معلوم ہوا ہے کہ اسمبلی میں حزب اختلاف نے بھی لنگر لنگوٹ کس لئے ہیں۔اپوزیشن جماعتوں نے اگر چہ اسمبلی میں اٹھائے جانے والے معاملات کے پتے نہیں کھولے ہیں،تاہم ایک سنیئر لیڈر کا کہنا تھاکہ سرکار کے پاس کوئی کارکردگی دکھانے کیلئے کچھ بھی نہیں ہے،جس سے وہ حزب اختلاف کو خاموش کر اسکے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس گیسو تراشی س کے پراسرار رونما ہونے والے واقعات سے لیکر انسانی حقوق کی پامالیوں میں اضافہ،شہری ہلاکتیں،اور بجلی،پانی سڑک جیسے مسائل کا انبار ہے۔