یو این آئی
نئی دہلی//سنگاپور اور ہانگ کانگ میں کووڈ کیسز کی تعداد میں اضافے کے بعد مرکزی وزارت صحت و خاندانی فلاح و بہبود ملک میں انتہائی احتیاط برت رہی ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے ۔وزارت کے اعلی سطحی ذرائع نے منگل کو یہاں بتایا کہ کووڈ انفیکشن کے معاملات سے واقفیت ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور حکومت احتیاطی تدابیر اختیار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں ہے۔ذرائع کے مطابق ہانگ کانگ اور سنگاپور میں پیش رفت کے پیش نظر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کی صدارت میں ایک جائزہ اجلاس بلایا گیا جس میں نیشنل سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول، ایمرجنسی میڈیکل ریلیف ڈویژن، ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل، انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ اور مرکزی حکومت کے اسپتالوں کے ماہرین شامل تھے۔میٹنگ میں کہا گیا کہ اس وقت ہندوستان میں کووڈ-19 کی صورتحال قابو میں ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 19 مئی 2025 تک ہندوستان میں فعال کووڈ-19 کیسوں کی تعداد 257 ہے، جو کہ ملک کی بڑی آبادی کو دیکھتے ہوئے بہت کم تعداد ہے۔ ان میں سے تقریبا تمام معاملات ہلکے ہیں اور انہیں ہسپتال میں داخل ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔