سرینگر//ریاستی حکومت نے محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ میں سرکاری اشتہارات کی تقسیم کاری اور اطلاعات کی نشر و اشاعت کے کام کو تقسیم کرنے کا باضابطہ طور اعلان کیا ہے ۔ اعلان کے مطابق کشمیر اور جموں صوبوں کے جوائینٹ ڈائریکٹروں کو اخبارات کیلئے سرکاری اشتہارات کی تقسیم کاری کیلئے خود مختار نوڈل افسران نامزد کیا گیا ہے ۔وزیر برائے اطلاعات ، خوراک ، شہری رسادات اور امور صارفین چودھری ذوالفقار نے محکمہ اطلاعات کی آج یہاں منعقدہ جائیزہ میٹنگ میں یہ اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا ’’ یکم ستمبر 2017 سے محکمہ کے ڈائریکٹوریٹ کی مداخلت کے بغیر ہی جموں اور کشمیر صوبوں کے جوائینٹ ڈائریکٹر منظور شدہ اخبارات اور جراید کیلئے اشتہارات تقسیم کرنے اورواجبات واگذار کرنے کے ذمہ دار ہوں گے ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ نیا انتظام ڈی اے بی پی کی طرز پر کیا جا رہا ہے اور محکمہ کے جموں اور کشمیر صوبوں کے جوائینٹ ڈائریکٹر ز اخبارات کیلئے اشتہاری پالیسی 2016 کے رہنما خطوط کے تحت سرکاری اشتہارات کی بروقت اور منصفانہ تقسیم کاری کے ذمہ دار ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جوائینٹ ڈائریکٹر سرکاری اشتہارات سے متعلق مالی معاملات سے نمٹنے بشمول اخبارات کے حق میں واجبات کے بھی آزادانہ طور ذمہ دار ہوں گے ۔ واضح رہے کہ فی الوقت ریاست کے 467 اخبارات اور جرائد محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ میں سرکاری اشتہارات جاری کرنے کیلئے درج ہیں ، جن میں 271 جموں اور 196 کشمیر صوبوں سے شایع ہو رہے ہیں ۔ محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ نے 2016-17 کے دوران سرکاری اشتہارات کیلئے اخبارات اور جرائد کے حق میں 31 کروڑ روپے واگذار کئے ہیں جبکہ رواں مالی سال کیلئے 30 کروڑ روپے سرکاری اشتہارات کیلئے بجٹ میں مختص رکھے گئے ہیں ۔ وزیر نے کہا کہ اشتہارات کی تقسیم کاری اور اطلاعات کی نشر و اشاعت کو منقسم کرنے کا فیصلہ محکمہ کے اختیارات کو غیر مرکوز کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے تا کہ محکمہ کا ڈائریکٹوریٹ خصوصی طور اپنے توانائی و وسائل کو نشر و اشاعت کیلئے موثر طور استعمال میں لا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اندرون و بیرون ریاست تیزی سے تبدیل ہو رہے میڈیا کے پیش نظر الیکٹرانک اور جدید میڈیا کے ذریعے اطلاعات کی نشر و اشاعت پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ۔وزیر نے کہا کہ اخبارات کے مالکان اور ایڈیٹروں کو محکمہ اطلاعات کے ڈائریکٹوریٹ جانے کے بجائے اب براہ راست محکمہ اطلاعات کے متعلقہ صوبائی جوائینٹ ڈائریکٹروں کے ساتھ اشتہارات کی تقسیم کاری سے متعلق تمام مسائل اٹھانے چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس قدم سے محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کو پریس انفارمیشن بیورو کی طرز پر ایک پیشہ وارانہ ادارے کے طور پر ترقی دینے میں کافی مدد ملے گی ۔ وزیر نے جوائینٹ ڈائریکٹر انفارمیشن کشمیر /جموں کو رواں سال کیلئے اخبارات و جرائد کی اشتہاری بلوں کی عید الاضحیٰ سے قبل ادائیگی کرنے کیلئے کہا ۔ وزیر نے کہا کہ محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ میں کیپسٹی بلڈنگ کے ضمن میں کئی اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن میں پیشہ ور اور تکنیکی مہارت رکھنے والی افرادی قوت کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔ انہوں نے مزید 25 سٹرنگر ( رپورٹر ) اور 20 سٹرنگر ( کیمرہ مین ) کی ایمپینل منٹ کو بھی منظوری دی ہے ۔ دورانِ میٹنگ ملازمین کیلئے ترقیوں کے مواقعے پیدا کرنے کیلئے محکمہ کی تنظیم نو پر بھی مفصل بحث و تمحیص ہوئی ۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ سیکرٹری اطلاعات کی صدارت میں ایک کمیٹی ناظم اطلاعات ، جوائینٹ ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر ، جوائینٹ انفارمیشن کشمیر ، جوائینٹ ڈائریکٹر انفارمیشن جموں کے ساتھ مل کر محکمہ کی تنظیم نو کیلئے ایک جامع منصوبہ مرتب کرے گی۔ محکمہ اطلاعات کو اشاعت کو بحال کرنے اور محکمہ کے پروگرام عکس پرواز کی ان ہاوس پروڈیکشن کیلئے سراہتے ہوئے وزیر نے کہا کہ محکمہ کو عوام کو سرکار کی جانب سے اُن کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے جا رہے اقدامات اور لاگو کی جا رہی پالیسیوں سے آگاہ کرنے کیلئے ماہ وار جرائد کی اشاعت کا کام بھی کرنا چاہئیے ۔ وزیر نے جوائینٹ ڈائریکٹر انفارمیشن جموں اور اُن کے عملے کو جشنِ آزادی تقریبات کے دوران ثقافتی پروگرام منعقد کرنے کیلئے سراہا ۔ چودھری ذوالفقار نے ریاست میں فوری طور سٹیٹ میڈیا ایڈوائیزری کونسل تشکیل دینے پر زور دیا ۔ کونسل کا مقصد ریاست میں صحافیوں کو اپنے پیشہ وارانہ فرایض کی ادائیگی سے متعلق مسائل کو ابھارنا ہے ۔ کونسل کو تشکیل دینے کی سفارش پریس کونسل آف انڈیا کی سب کمیٹی نے اپنے حالیہ دورہ کشمیر کے دوران کی تھی ۔ میٹنگ میں سیکرٹری اطلاعات این ایچ ملک ، ناظمِ اطلاعات منیر السلام ، ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات آر کے کٹوچ، جوائینٹ ڈائریکٹر اطلاعات ہیڈ کوارٹر عبدالمجید زرگر ، جوائینٹ ڈائریکٹر اطلاعات کشمیر ظہور احمد میر ، جوائینٹ ڈائریکٹر اطلاعات جموں منیشا سرین اور محکمہ کے دیگر افسران موجود تھے ۔