جموں// جموں وکشمیرنیشنل کانفرنس کے صوبائی صدردویندرسنگھ رانانے روزبروز سڑک حادثات میں ہورہے اضافے پر سخت تشویش کااظہار کیاہے۔ انہوں نے ان حادثات کی اہم وجہ تیزرفتارڈرائیونگ ،ٹریفک قوانین کی خلا ف ورزی اوراوورلوڈنگ ہے۔رانانے کہاکہ ٹریفک کے خراب نظام کی وجہ سے آئے روزہورہے سڑک حادثات میں کئی قیمتی انسانی جانیں ضائع اورمسافرزخمی ہورہے ہیں۔رانانے ان خیالات کااظہار جی ایم سی کالج ہسپتال میں زخمیوں کے تیمارداروں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیاجوکہ 16اکتوبر کوصبح بیرپور وجے پورسڑک پر رونماہوئے ایک سڑک حادثہ میں زخمی ہوگئے تھے۔ رانانے اس موقعہ پران زخمیوں کے علاج ومعالجہ میں مصروف ڈاکٹروں کے ساتھ بات چیت کی اورانہیں بہترطبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔ رانانے حکومت سے کہاکہ وہ سڑک حادثات کی روکتھام کیلئے ٹھوس قدم اٹھائے۔انہوں نے محکمہ ٹریفک کومزیدفعال اورمستحکم بنانے کی ضرورت پرزوردیا۔