جموں/صحافیوں کو اپنے پیشہ وارانہ فرائض خوش اسلوبی سے انجام دینے میں حکومت کی طرف سے کئی سہولیات فراہم کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے اطلاعات، خوراک، سول سپلائیز اور امور صارفین کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں میڈیا کو درپیش مسائل کو دُور کرنے کے لئے سٹیٹ میڈیا ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے پریس کلب آف جموں میں میڈیا برادری کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی حکومت میڈیا کو آئین کی طرف سے دی گئی آزادی کی فراہمی کی وعدہ بند ہے۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ میڈیا لوگوں کے مسائل کو بڑی ذمہ داری سے اجاگر کرے گا ۔ تا ہم انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا سے تعاون اور صاف و شفاف رپورٹنگ کی اُمید رکھتی ہے، جس کے نتیجے میں جموں وکشمیر کے حالات بہتر ہوں گے۔وزیر موصوف نے چند ٹی وی چینلوں کی طرف سے منفی کوریج پر افسوس کا اظہار کیا جس کے نتیجے میں ریاست کے سیاحتی اور دیگر اہم شعبوں میں کم کشش نظر آئی ہے۔انہوں نے اس موقعہ پر بتایا کہ حکومت نے ایکریڈیٹیشن کمیٹی نئے سرے سے تشکیل دی ہے اور ایکریڈیٹیشن رولز صحافیوں کی سہولیت کے لئے آسان بنا دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے تمام متعلقہ محکموں کو ایڈوائزری بھیج دی گئی ہے کہ وہ ایکریڈیٹیشن اور آفیشل پریس کارڈز کو کرفیو پاس تسلیم کریں۔ذوالفقار نے کہا کہ حکومت نے سالانہ تین میڈیا ایوارڈز مقرر کئے ہیں جن میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ، بیسٹ جرنلسٹ آف دی ائیر ایوارڈ اور بیسٹ فی میل جرنلسٹ ایوارڈ شامل ہیں۔سیکرٹری جنرل پریس کلب آف جموں زوراور سنگھ جموال نے اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔محکمہ خوراک و شہری رسدات کے سربراہ آر اے انقلابی، جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن جموں منیشا سرین، جوائنٹ ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر عبدالمجید زرگر، محکمہ اطلاعات کے افسران اور میڈیا افراد اس موقعہ پر موجود تھے۔