عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے منگل کو حکمران جماعت اور مرکزی دھارے کی سیاسی جماعتوں پر شدید حملہ کرتے ہوئے ان پر عوام کی فلاح و بہبود کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنے مفادات کے حصول کا الزام لگایا۔سری نگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے کہا کہ اکثریتی نشستیں حاصل کرنے کے باوجود موجودہ حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے جس سے لوگ مایوسی کا شکار ہیں۔بخاری نے کہا، “حکومت مکمل طور پر ناکام ہے، کشمیر اور جموں کے کچھ حصوں میں اکثریت حاصل کرنے کے باوجود، اس نے صرف اُن لوگوں کو فائدہ پہنچایا ہے جو اسمبلی تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے،” ۔بخاری نے کہا “عوام مسلسل مشکلات کا شکار ہیں جبکہ منتخب نمائندے اپنے مفادات کی تکمیل کر رہے ہیں۔”انہوں نے بی جے پی کو اس کی “ناقص طرز حکمرانی اور غلط ترجیحات” پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سرینگر جموں قومی شاہراہ کی حالت خود حکومت کی نا اہلی کی واضح علامت ہے “۔انہوں نے کہا’’اگر کوئی مثال ہے جو بی جے پی کی ناکامی کو بے نقاب کرتی ہے، تو وہ قومی شاہراہ کی حالت ہے، مکمل کنٹرول ہونے کے باوجود، حکومت مرکز کے زیر انتظام علاقے کی لائف لائن کو بھی برقرار رکھنے میں ناکام رہی ہے”۔بخاری نے نیشنل کانفرنس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اکثریت رکھنے کے باوجود وہ خود کو بے اختیار ظاہر کر رہی ہے۔انہوں نے کہا “این سی کہتی ہے کہ اس کے پاس تعداد ہے لیکن پھر بھی بے بسی کا دعویٰ کرتی ہے، اس بے بسی نے لوگوں کی مایوسی کو مزید بڑھا دیا ہے” ۔ انہوں نے زور دے کر کہا “ہم آرٹیکل 370 کے منسوخ ہونے کے بعد دہلی گئے تھے،ہم وہاں بھیک مانگنے نہیں گئے تھے بلکہ اپنے لوگوں کے زمینی حقوق کی حفاظت کے لیے گئے تھے، اور ہم کامیاب ہوئے ، دوسرے لوگ جذباتی سیاست کرتے رہے اور کچھ نہیں کیا،” ۔اپنی پارٹی سربراہ نے کہا کہ این سی، پی ڈی پی اور بی جے پی سمیت تمام بڑی سیاسی جماعتوں کی “حقیقی شناخت” اب لوگوں کے سامنے آ گئی ہے۔ بخاری نے کہا، “بی جے پی یہ دعوی کر کے حالات سے ہاتھ نہیں دھو سکتی کہ وہ یہاں اقتدار میں نہیں ہے۔ سچ یہ ہے کہ وہ دہلی سے جموں و کشمیر چلا رہی ہے۔ اس کے 28 ممبران ہیں، پھر بھی کوئی بھی سیلاب متاثرین کے لیے امدادی پیکج تک نہیں پہنچا سکا،” ۔بڈگام اور نگروٹہ اسمبلی ضمنی انتخابات پربخاری نے کہا کہ نتائج سے کوئی خاطر خواہ تبدیلی نہیں آئے گی،”یہ ضمنی انتخابات کچھ نہیں بدلیں گے، لیکن میں لوگوں سے ایمانداری اور سچائی کے ساتھ کھڑے ہونے کی اپیل کرتا ہوں،” ۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی پارٹی سیاسی امور کی کمیٹی کے فیصلے کے بعد جلد ہی بڈگام اسمبلی سیٹ کے لیے اپنے امیدوار کا اعلان کرے گی۔