جموں// بھیڑ و پشوپالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے کہا ہے کہ حکومت ریاست میں مچھلیوں کی پیداوار کو بڑھاوا دے رہی ہے تا کہ دیہی اقتصادیات کو فروغ دینے کے علاوہ روز گار کے مواقع پیدا کئے جاسکیں۔وزیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار گھو منہاساں جموں میں کسان میلے اور نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد کیا۔ اس موقعہ پر ممبر اسمبلی ست شرما، بھیڑ وپشو پالن محکمہ کے سیکرٹری آر کے بھگت، ڈائریکٹر فشریز آر پی سنگھ بالی اور دیگر سنیئر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقعہ پر وزیر نے کہا کہ محکمہ نئے اقدامات کررہا ہے جن کا مقصد ان شعبوں کو مزید منافع بخش بنانا ہے۔وزیر نے کہا کہ حکومت نے پچھلے دوس برسوں کے دوران بلیو ریولیوشن اور آر کے وی وائی کے تحت1037 کارپ یونٹ اور513 ٹراؤٹ یونٹ قائم کئے۔ انہوں نے کہا کہ کارپ یونٹ کے قیام کے لئے ایک لاکھ روپے جبکہ ٹراؤٹ یونٹ کے قیام کے لئے3.60 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جاتی ہے۔کوہلی نے کہا کہ بلیو ریولیوشن سکیم( نیل کرانتی مشن) ایک پانچ سالہ مشن ہے جو گذشتہ برس متعارف کیا گیا ہے اور اس کا آؤٹ لے3000 کروڑ روپے ہے۔وزیر نے کہا کہ اس سکیم کے تحت محکمہ مستحقین کو آئس بوکس سے لیس آٹو رکھشا اور بائی سائیکل بھی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ماہی گیروں کو1016 سائیکلیں اور20 آٹو رکھشا فراہم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مچھلیوں کی کُل کھپت 20 ہزارمیٹرک ٹن ہے جس کا20 سے30 فیصد حصہ درآمد کیا جاتا ہے۔وزیر نے کہا کہ گذشتہ مالی برس کے دوران پسماندہ ماہی گیروں کے لئے کم قیمت والے2958 مکانات تعمیر کئے گئے ہیں اور اس برس اس قسم کے133 مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں۔اس موقعہ پر وزیر نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران ریاستی پلان کے تحت بلیو ریولیوشن میں14.14 کروڑ روپے منظور کئے گئے جبکہ اگلے مالی برس کے لئے10 کروڑ روپے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔کوہلی نے کہا کہ بے روز گار نوجوانوں کو روز گار فراہم کرنے کے لئے نئی سکیمیں متعارف کی جارہی ہیں اور نئی سرمایہ کاری کے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔وزیر نے فارمروں کے ساتھ بات کی ۔ وزیر نے اُن کے مسائل غور سے سُنے اور جائیز مطالبات پورا کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے فارمروں سے تلقین کی کہ وہ سیلف ہیلپ گرؤپ قائم کریں۔ انہوں نے کسانوں کو سرکاری سکیموں کی جانب راغب کرنے کے لئے افسروں کو لگن اور تندہی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔