سرینگر/سابق وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے منگل کو وعدہ کیا کہ اگر اُن کی پارٹی کو آنے والے اسمبلی انتخابات کے بعد حکومت ملی تو وہ متنازع پبلک سیفٹی ایکٹ کا خاتمہ کریں گے۔
جنوبی کشمیر کے شوپیان میں پولنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمر نے کہا'' اگر میری پارٹی کو حکومت ملی تو کسی ماں کو اپنے بچے سے ملنے کیلئے جیلوں کے چکر نہیں کاٹنے پڑیں گے اور ایسا ہونے کیلئے موجودہ پارلیمانی الیکشن ایک سیمی فائنل کی حیثیت رکھتے ہیں''۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ پارلیمانی الیکشن ریاست جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن کی حفاظت کیلئے لڑے جارہے ہیں۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ عام طور پر الیکشن ترقی کیلئے لڑے جاتے ہیں لیکن ہمارے یہاں آج کے الیکشن دفعہ370اور دفعہ35اے کی حفاظت کیلئے لڑے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ریاست کی خصوصی پوزیشن چھینی گئی تو یہاں رہنے والوں کی زمینیں اور نوکریاں چلی جائیں گی۔