جموں//سیٹو کی ریاستی کمیٹی کی دو روزہ میٹنگ اختتام پذیر ہوگئی ۔یہ میٹنگ جموں میں منعقد ہوئی جس کی صدارت تنظیم کے صدر محمد یوسف تاریگامی نے کی ۔اس موقعہ پر حکومت کی مزدور کش پالیسیوں کے باعث ورکنگ کلاس کو درپیش مشکلات اور ان کے ازالے کیلئے تفصیل سے تبادلہ خیال کیاگیا۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے محمد یوسف تاریگامی نے کہاکہ مرکز میں بھاجپا کی قیادت والی سرکار نے مزدور کش پالیسی اپنارکھی ہے اور اس کی تمام کی تمام پالیسیاں کارپوریٹ دوست اور لیبر کلاس دشمن ہیں جس کے نتیجہ میں ورکنگ کلاس کو بری طرح سے متاثر ہوناپڑرہاہے ۔تاریگامی نے کہاکہ معاشی ترقی کے دعوئوں میں کوئی وزن نہیں کیونکہ اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ 2017-18میں کل آمدنی میں سے 73فیصد آمدن صرف ایک فیصد آبادی نے کمائی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایسی پیداوار کا کوئی فائدہ نہیںہوتا جس کا سماج کے بڑے حصے کو فائدہ نہیں پہنچ سکے ۔انہوں نے کہاکہ سماج کا ہر ایک طبقہ حکومت کی نیو لبرل اکنامک پالیسیوں سے متاثر ہورہاہے اور ہم اس بات کے گواہ ہیں کہ کسان خودکشی کررہے ہیں جبکہ حکومت انہیں امداد فراہم کرنے کے بڑے بڑے دعوے کرتی جارہی ہے ۔انہوں نے اس بات پر زور دیاکہ حکومت کی لیبر دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کرنے کیلئے سیٹو کو قائدانہ کردار ادا کرناچاہئے ۔سیٹو کے قومی سیکریٹری ڈاکٹر کشمیر سنگھ ٹھاکر نے کہاکہ مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے نتیجہ میں لاکھوں نوجوانوں کا مستقبل تباہ ہواہے جو مختلف اداروں میں کام کررہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ ورکنگ کلاس کیلئے یہ ناگزیر بن چکاہے کہ وہ متحد ہوکر ان پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کرے ۔انہوں نے کہاکہ انڈین لیبر کانفرنس 2015کے دوران اس بات کی سفارش کی گئی تھی کہ آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں ، آشاورکروںو مڈ ڈے میل ورکروں کو مستقل کیاجائے گا تاہم ابھی تک اس سلسلے میں کوئی اقدام نہیںہوا۔انہوں نے کہاکہ انہیں سیکورٹی تحفظ بھی فراہم نہیں کیاگیا اس لئے کم سے کم اجرت یعنی 18000کے حصول کیلئے متحد ہوکر جدوجہد کرنی چاہئے ۔سیٹو کے ریاستی جنرل سیکریٹری اوم پرکا ش نے کہاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں نے آسمان کو چھولیاہے اور گیس سلینڈر جو 2014میں 420روپے کا ہوتاتھا آج 1000تک پہنچ گیاہے او رنہیں معلوم وہ اچھے دن کب آئیں گے۔انہوں نے کہاکہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بھی عالمی مارکیٹ سے کہیں زیادہ ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت وہ کنسٹرکشن ورکروں کا اندراج عمل میں لاکر انہیں امداد فراہم کرے ۔کانفرنس کے دوران اس بات کا فیصلہ لیاگیاکہ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف سیٹو کی طرف سے تحصیل اور ضلع سطح پر سیمینار منعقد کئے جائیں گے اور یہ تنظیم دیگر ٹریڈ یونینوں کے ساتھ مل کر جنوری8اور9کو ملک گیر احتجاج کرے گی ۔اس موقعہ پر سیٹو لیڈران عبدالغنی بٹ ، راج کمار، جگدیش کمار، مظفر احمد، عبدالرشید نجار، محمدا سمٰعیل ،محمد اقبال وغیرہ نے بھی خطاب کیا ۔