حکومت لڑکیوں کی تعلیم اور اخلاقی ترقی کے فروغ کیلئے وعدہ بند:الطاف بخاری

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
سرینگر//گرلز ہائیر سکینڈری سکول نواکدل کے سالانہ دِن کے موقعہ پر طالبات کی اعلیٰ کارکردگی سے متاثر ہوکر تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ شہر خاص کے طُلاب قابلیت کے لحاظ سے کسی دوسرے علاقے کے طُلاب سے کم نہیں ہیں۔اس موقعہ پر طالبات نے تمدنی پروگرام پیش کیا جسے مہمان خصوصی اور سامعین نے سراہا۔اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا کہ کشمیر کی طالبات حوصلہ مند ہیں اور ہر شعبۂ میں اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ دِن جیسے تقریبات کے ذریعے انہیں اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقعہ فراہم ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں حکومت لڑکیوں کی نشو ونما، تعلیم اور اخلاقی ترقی کے فروغ کے لئے وعدہ بند ہے۔ الطاف بخاری نے نواکدل گرلز ہائیر سکینڈری سکول کی طالبات کو بہتر اور معیاری تعلیم فراہم کرنے میں انتظامیہ کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سکول نے پچھلے سال لگ بھگ صد فیصد نتائج کا اعلان کیا۔سکول فکیلٹی کے اصرار پر وزیر نے سکول میں ایک آڈیٹوریم تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔بعد میں وزیر نے اُن طالبات کو مومینٹو اور اسناد سے نوازا جنہوں نے تعلیمی اور دیگر سرگرمیوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن فاروق احمد شاہ، ڈپٹی کمشنر سرینگر سید عابد رشید شاہ،ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ڈاکٹر جی این اتو، سی ای او سرینگر فاروق احمد ڈار، مختلف کالجوں کے پرنسپل صاحبان اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران بھی سالانہ دِن کی تقریب کے موقعہ پر موجود تھے۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *