عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمارچودھری نے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال اَکھنور کا دورہ کیا اور مریضوں کو دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ نے مختلف شعبوں کا معائینہ کیا اور مریضوں و تیمارداروں سے براہ راست بات چیت کی تاکہ علاج اور ہسپتال کی خدمات کے معیار کے بارے میں رائے کی جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت دیہی علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی پر خاص توجہ دے رہی ہے تاکہ لوگوں کو ان کے نزدیک ہی علاج میسر ہو۔نائب وزیراعلیٰ نے ہسپتال اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ بروقت علاج، مؤثر نظام اور مریض مرکز نگہداشت کو بالخصوص دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں کے لئے کو یقینی بنایا جائے۔اُنہوں نے ہسپتال میں حفظانِ صحت، اَدویات کی دستیابی، عملے کی حاضری اور ڈیوٹی روسٹر کا بھی معائینہ کیا۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت لوگوںکو ان کی دہلیز پر صحت کی تمام جدید طبی سہولیات اور بنیاد ی ڈھانچہ فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔بعد میں نائب وزیر اعلیٰ نے اَکھنور میں گوردوارہ تاپو استھان سنت بابا سندر سنگھ جی کا بھی دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں حاضری دی اور جموں و کشمیر کی ترقی، امن و خوشحالی کے لئے دعا کی۔ڈپٹی سی ایم نے گرودوارہ میں سجدہ کیا اور جموں و کشمیر کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ اِس موقعہ پر گوردوارہ کمیٹی نے دریائے چناب میں استھی وسرجن کے لئے کنٹی لیور پلیٹ فارم کی درخواست کی تاکہ لوگ اس کے کنارے کی بجائے دریا میں ’استھی وسرجن‘ کی رسم اَدا کر سکیں۔بتایا گیا کہ اس منصوبے کی تفصیلی منصوبہ بندی رپورٹ 4.82کروڑ روپے کے تخمینہ لاگت کے ساتھ پہلے ہی جمع کی جا چکی ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس منصوبے کے لئے ایک کروڑ روپے کی منظوری دی اور متعلقہ محکمے کو 20؍جولائی سے پہلے ٹینڈر کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اُنہوں نے گوردوارہ احاطے کی خوبصورتی اور دیگر متعلقہ کاموں کے لئے اضافی بجٹ کی بھی ہدایت دی۔