عظمیٰ نیوزسروس
جموں //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے نگروٹہ میں جمعہ کو پنچایت ڈھوک وزیراں میں ’وکست بھارت سنکلپ یاترا‘میں شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے پنچایتی راج نمایندوں اورلوگوں کو اس یاترا میں جوش وخروش سے حصہ لینے پر مبارکباد دی۔انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ کنبوں تک رسائی حاصل کرے اور لوگوں کو حکومتی سکیموں کی جانکاری دیں تاکہ وہ ان سے مستفید ہوں۔انہوں نے ماڈل دیہات بنانے کیلئے پنچایت ڈھوک وزیراں کے عمل کی نقل کرنے کی ضرورت پرزوردیا تاکہ خوشحال اور پرامن پنچایتیں قائم ہوں اور گائوں دیہات کی ہمہ جہت ترقی سے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پید اکئے جائیں اور لوگوں کے معیارزندگی کو بلندکیا جائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’وزیراعظم نریندر مودی سرکاری سکیموں کی صدفیصدعمل آوری کیلئے پرعزم ہیں اور جن لوگوں تک رسائی حاصل نہیں کی گئی ہے ان تک پہنچنے کے لئے وہ وعدہ بند ہیں۔
اس سے دیہی وشہری آبادی کے عام اورکمزور لوگوں کو بااختیار بنانے کے وافر موقع مہیاکرتے ہیں۔ انہوں نے لوگوں پرزوردیا کہ وہ وکست بھارت سنکلپ یاترا میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں اورموقعہ پر ہی خدمات سے فائدہ اُٹھائیں اور اس کی جانکاری بھی اور لوگوں کو دیں ۔منوج سنہا نے کہا کہ لوگوں کی انفرادی کامیابی کی کہانیاں مرکزی زیرانتظام خطے کے کونے کونے تک پہنچ جانی چاہیے تاکہ حکومت کی فلیگ شپ سکیموں کی وجہ سے جوتبدیلی آئی ہے وہ اجاگر ہو۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہر ایک کی شمولیت سے دیہات کو مستحکم اقتصادی مراکز میں تبدیل کیا جاسکتا ہے اور نوجوانوں،خواتین،کسانوں اور کمزور طبقوں کیلئے روزگار کے مواقع پیداکئے جاسکتے ہیں۔منوج سنہا نے حکومت جموں کشمیر کی ان سرگرمیوں کا بھی ذکر کیا جن کے تحت سماج کے کمزور طبقوں اور غریبوں کو بہبودی سکیموں کے فائدے پہنچائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوٹی حکومت بے زمین لوگوں کو 5مرلہ زمین دے رہی ہے تاکہ وہ اپنا گھر بنائیں اور ان کا معیار زندگی بلندہو۔اس موقعہ پر رمن وزیر سرپنچ پنچایت ڈھوک اور دیگر مستفیدین نے اپنے تجربات کااظہار کیااور حکومت کا بھی مختلف سکیمیں شروع کرنے کیلئے شکریہ اداکیا۔لیفٹیننٹ گورنرنے اس موقعہ پر لگائے گئے سٹالوں کا بھی معائنہ کیا۔