سرینگر//گوجراور بکروال طبقے کی بہبود کے لئے صلاح کار بورڈ کے وائس چیئرمین چوہدری ظفرعلی کھٹانہ کی صدارت میں آفیسران کی ایک میٹنگ منعقدہوئی ۔اس دوران ظفرعلی کھٹانہ نے کہاکہ حکومت قبائلی طبقہ کی ترقی کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں دوروزقبل بھی محکمہ قبائلی امور کے عہدیداران کے ساتھ میٹنگ منعقدہوئی تھی جس میں ہوسٹلوں کی تعمیر ،ماڈل ولیجوں کے قیام اور قبائلی آبادی کی بہبود کے لئے دیگر لازمی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔کھٹانہ نے کہاکہ میٹنگ میںمحکمہ کے سیکرٹری کفایت رضوی نے قبائلی آباد ی کی بہبود سے متعلق مختلف سکیموں کی عمل آوری کایقین دلایا۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال نامساعد حالات کے دوران منظور شدہ رقومات کا تصرف پوری طرح سے نہیں کیا گیا اور رقومات کی ری۔ویلڈیشن کا معاملہ محکمہ خزانہ اور منصوبہ بندی کے ساتھ اٹھایا گیا ہے تاکہ رواں سال کے دوران ان کاموں کو شروع کیا جاسکے۔اس دوران مشاورتی بورڈ کے سیکریٹری مختاراحمد نے کہاکہ ہنر مندی کے تحت 124 شیڈول ٹرائب زمرے کے نوجوانوں کو لایا گیا ہے اور ان کی تربیت پر 23.24 لاکے روپے خرچ کئے گئے ہیں جبکہ رواں سال کے دوران پر ی اور پوسٹ میٹرک سکالر شپ پر 19 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ظفرعلی کھٹانہ نے کہاکہ گوجربکروال مشاورتی بورڈ طبقہ کے طلباء کی بہترتعلیم وتربیت یقینی بنانے کیلئے ہوسٹلوں میں ڈھانچے کی بہتری اوران کے انتظام وانصرام کے لئے اقداما ت اٹھارہاہے۔انہوں نے کہاکہ گوجربکروال طبقہ کے طلباء کووظائف دینے کیلئے تیزرفتارسے محکمہ قبائلی امورکام کررہاہے۔اس دوران میٹنگ میںسیکریٹری قبائلی امور کفایت حسین رضوی کے علاوہ ڈائریکٹرقبائلی امور بلال احمد ،ڈائریکٹر ایریاپلاننگ (پلاننگ اینڈڈیولپمنٹ) ، جوائنٹ ڈائریکٹر آراینڈایف فائنانس ڈیپارٹمنٹ شوکت حسین میر، سیکریٹری گوجربکروال مشاورتی بورڈ مختاراحمد ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ ٹرائبل افیئرس محمدیوسف راتھر ، غلام نبی تانترے اے اے او ٹرائبل افیئرس بھی موجودتھے۔