عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور پونچھ حویلی کے ایم ایل اے اعجاز احمد جان نے عمر عبداللہ حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی عوامی مسائل کے حل اور نچلی سطح پر حکمرانی کو مستحکم کرنے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات ڈاک بنگلہ پونچھ میں نیشنل کانفرنس کے رہنماؤں اور کارکنان کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جہاں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی اور اپنے مسائل پیش کئے۔ اجلاس میں ترقیاتی امور اور تنظیمی معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا اور جان نے یقین دہانی کرائی کہ تمام جائز مطالبات کو متعلقہ حکام تک پہنچا کر جلد از جلد حل کرایا جائے گا۔اجلاس کے دوران کئی اہم تنظیمی فیصلے بھی کئے گئے تاکہ عوامی رابطے کو مزید مؤثر بنایا جا سکے اور پارٹی اور انتظامیہ کے درمیان ہم آہنگی کو بہتر کیا جا سکے۔ فیصلہ کیا گیا کہ ہر ماہ کے پہلے ہفتہ کو ضلعی صدر، سیکریٹری، نائب صدور، بلاک صدور، حلقہ صدور اور دیگر اہم عہدیداران کا ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوگا، جس میں عوامی مسائل اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، ہر بلاک صدر اپنے متعلقہ علاقے میں ماہانہ دو خصوصی اجلاس منعقد کرے گا اور ان اجلاسوں کی تفصیلی رپورٹ پارٹی قیادت کو پیش کرے گا۔عوامی مسائل کے جلد از جلد حل کے لئے ایک اہم اقدام کے تحت پونچھ میں ایک خصوصی دفتر قائم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا، جہاں شہری براہ راست اپنی شکایات درج کروا سکیں گے اور ان کے حل کے لئے فوری کارروائی کی جائے گی۔ جان نے کہا کہ یہ اقدام ایک منظم اور مؤثر نظام کو یقینی بنائے گا، جس کے ذریعے عوامی مسائل کو مقررہ وقت میں حل کیا جا سکے گا۔نیشنل کانفرنس کی عوام دوست پالیسی کو اجاگر کرتے ہوئے جان نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لئے دن رات کام کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمر عبداللہ حکومت ہمیشہ عام آدمی کی فلاح و بہبود کو ترجیح دیتی رہی ہے اور آئندہ بھی پوری سنجیدگی کے ساتھ عوامی خدمت جاری رکھے گی۔سینئر این سی رہنما نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان نئے اقدامات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور پارٹی دفاتر و رہنماؤں سے قریبی تعلق قائم رکھتے ہوئے اپنے مسائل بروقت حل کروائیں۔