سرینگر//کشمیرہوٹل اینڈ ریسٹورانٹ اونرس فیڈریشن( کے ایچ اے آر او ایف) کا ایک وفد صدر عبدالوحید ملک کی قیادت میںنائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ سے ملاقی ہوا۔سیاحت کی وزیر مملکت پریا سیٹھی بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔وفدنے ریاست میں سیاحتی سیکٹر کو بڑھاوا دینے اوراس کی تشہیر سے جڑے کئی معاملات نائب وزیر اعلیٰ کی نوٹس میں لائے۔ انہوں نے کچھ مفاد خصوصی رکھنے والے عناصر کی طرف سے چلائی جارہی منفی تشہیر کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک منظم لائحہ عمل مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔سیاحتی سیکٹر کے لئے 5 سالہ جی ایس ٹی چھوٹ دینے کا بھی مطالبہ سامنا رکھا گیا اور کہا گیا کہ سیاحتی صنعت کو کچھ مزید مراعات دی جانی چاہئیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ اُن کی طرف سے اُبھارے گئے معاملات کو معیاد بند مدت کے اندر پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کو ریاست کی اقتصادیات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اور حکومت اس سیکٹر کو دوام بخشنے کے لئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے ترقیاتی پیکج میں سیاحتی سیکٹر کے لئے ایک خصوصی مد رکھا گیا ہے جس کی رو سے ریاست میں سیاحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دیا جارہا ہے تا کہ یہاں آنے والے سیاحوں کو مختلف سہولیات دستیاب ہوسکیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منفی تاثر کو دور کرنے کے لئے ایک مہم شروع کی گئی ہے اور ملک کی مختلف ریاستوں میں خصوصی ٹریول مارٹس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔