وجے پور//مخلوط حکومت پر سرحدی علاقوں کے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ نے کا الزام لگاتے ہوئے سابق وزیر اور سینئرریاستی نائب صدر نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ 2014 کے انتخابات میں سرحدوں کے قریب بسنے والوں کو پختہ بنکر، رہائشی پلاٹ اور دیگر مراعات دینے کے وعدے سراب ثابت ہوئے ہین جس کا خمیازہ سرحد پر ہو رہی گولہ باری کے متاثرین کو بھگتنا پر رہا ہے۔ان خیالات کااظہار سرجیت سنگھ سلاتھیہ نے بڑی براہمناں کی پنچایت مین چراکا میں عوامی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے سرحدی علاقوں میں رہ رہے لوگوں کی مشکلات کاازالہ کاازالہ کرنے کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے ہیںجس کی وجہ سے وہ پچھلے کئی مہینوں سے تن تنہا حالات کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے پی ڈی پی بی جے پی حکومت پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شہری علاقوں میںگولے برسا رہا ہے جس کاعورتیں اور بچے نشانہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر تنائو کی تپش سرحدی علاقوں کے عوام کو برداشت کرنا پڑ تی ہے لیکن اس بار کشیدگی پورے عروج پر ہے۔ سلاتھیہ نے کہا کہ پاکستان کے زیر انتظام علاقہ میں مبینہ طور پر سرجیکل سٹرائیک کے بعد حالات مزید بد تر ہو گئے جس کے ساتھ ہی سرحدی عوام کی مشکلات میں بھی بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر سرحدی عوام کے تئیں مجرمانہ غفلت برتنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے چنائو کے دوران جو وعدے کئے تھے انہیں بالائے طاق رکھ دیا گیا ہے۔فوجی کارروائیوں کو سیاسی رنگت نہ دئیے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سلاتھیہ نے کہا کہ سرجیکل سٹرائیکس کے بعد بڑی بڑی ڈینگیں مار کر سیاسی اور سفارتی نا پختگی کا مظاہرہ کرنے والے بی جے لیڈ ر اب منظر نامہ سے ہی غائب ہو گئے ہیں۔متاثرین کے ساتھ گفت و شنید کرتے ہوئے سابق وزیر سرجیت سنگھ سلاتھیا نے کہا کہ نیشنل کانفرنس لوگوں کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے مخلوط سرکار کی طرف سے متاثرین کی خبر گیری نہ کرنے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی وزراء کی طرف سے لوگوں کے مسائل و مشکلات کی ان دیکھی نے ان کی پول کھول دی ہے۔سلاتھیہ نے فوری طور پر پختہ شیڈ، بنکر تعمیر کرنے اور محفوظ مقامات پر پلاٹ فراہم کئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کرٹیکل کیئر ایمبولنس نیز موبائل ٹیمیں تعینات کرنے کی بھی مانگ کی۔اس موقعہ پر ضلع صدر نیشنل کانفرنس موہندر گپتا ، ضلع نائب صدر وجے سنگھ، بلاک صدر بھگوان سنگھ، جوائنٹ سیکریٹری بشیرملک، سرپنچ سورن سنگھ، گلاب دین، غلام نبی، بلونت سنگھ، سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی بڑی براہمناں، رمن گپتا، کمل سنگھ، چونی لال موہندرسنگھ وغیرہ بھی موجودتھے۔