جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہاکہ ریاست کی تیز تر مجموعی ترقی یقینی بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں تاکہ لوگوں کو بہتر بنیادی خدمات دستیاب ہو پائیں۔انہوںنے اِن خیالات کا اِظہار آج ریاسی میں 15کرو ڑ58لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت والے 132/133کے وی ، 50میگاواٹ گرڈ سٹیشن کاسنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گرڈ سٹیشن سے ملحقہ علاقہ جات کے تقریباً 3لاکھ نفوس کو فائدہ پہنچے گا اور یہ مارچ 2018ء تک مکمل کیا جائے گا۔اس موقعہ پر خزانہ کے وزیرمملکت اجے نندا ، ڈیولپمنٹ کمشنر پاور ، ڈپٹی کمشنر ریاسی ، پی ڈی ڈی کے چیف انجینئراں اور دیگر افسران موجود تھے۔وزیر اعظم کی طرف سے کئے گئے تواریخی اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان اقدامات سے ریاست میں بجلی شعبے میںکافی بہتری آئے گی اور لوگوں کو بلا خلل بجلی فراہم ہوگی۔انہوںنے کہا کہ ان اقدامات کی عمل آوری کی سخت نگرانی کی جارہی ہے اور جواب دہی او رشفافیت کو یقینی بنایا جارہا ہے۔انہوںنے کہا کہ بجلی شعبے کی بہتری کے لئے مختص رقومات کے بہتر تصرف کو یقینی بنانا ہوگا ۔انہوںنے کہا کہ 11650 کروڑ روپے مرکزکی طرف سے واگذار کئے گئے ہیں۔انہیں صحیح ڈھنگ سے استعمال میں لانے کی ضرورت ہے۔چند سیاسی پارٹیوں کے غلط پروپیگنڈہ کا حوالہ دیتے ہوئے نرمل سنگھ نے کہا کہ یہ پارٹیاں ریاست کے خرمن امن اور ترقیاتی کے کاموں کو بگاڑنے پر تلی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سرکار تمام خطوں کی مساوی ترقی پر توجہ دے رہی ہے۔خزانہ کے وزیر مملکت اجے نندا نے سرکار کی طرف سے کئے گئے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ دُور افتادہ علاقوں اور پس و پشت ڈالے گئے شعبوں کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔انہوںنے کہا کہ ریاسی اور کٹرہ میں ترقیاتی کو فروغ دینے کیلئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں اور مختلف پروجیکٹوں کی بروقت عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے ضرورت ہدایات جاری کئے گئے ہیں۔