جموں// نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا ہے کہ کسی بھی علاقہ کی تیز تر ترقی کو یقینی بنانے کے لئے جدید اور معیاری بنیادی ڈھانچہ لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ریاست میں اعلیٰ معیار کا بنیادی ڈھانچہ قائم کرنے کے لئے کام کر رہی ہے۔جموں میں ریہاڑی نالہ کے پاس امرت کے تحت ایک سیوریج پروجیکٹ سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ پروجیکٹ یو ای ای ڈی جے ایم سی کے اشتراک سے لگ بھگ4 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کررہا ہے۔اس پروجیکٹ کی بدولت جیول چوک، کرشنا نگر، راجندر نگر، کمپنی باغ، کنال روڈ، ایم اے سٹیڈیم اور اس سے منسلک علاقوں کو فائدہ پہنچے گا۔ارکان اسمبلی راجیش گپتا، ست شرما، کمشنر سیکرٹری مکانات ہردیش کمار، چیف انجنیئر یو ای ای ڈی حنیف لون کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس پروجیکٹ کا پہلا مرحلہ پہلے ہی مکمل کیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پروجیکٹوں کو بروقت مکمل کرنے کی طرف حکومت توجہ دے رہی ہے تا کہ علاقہ کی اقتصادی، تجارتی اور سماجی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک ترقی کی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں کئی پروجیکٹ مکمل کئے گئے ہیں جن کی بدولت شہر کی جدیدیت کو یقینی بنانے میں مدد ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں شہر کو سمارٹ سٹی بنانے کے لئے بھی کام کیا جارہا ہے۔اس حوالے سے متعدد پروجیکٹ عملائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں رنگ روڈ پروجیکٹ، ملٹی پارکنگ پروجیکٹ، جنرل بس سٹینڈ ملٹی فسلٹی سینٹر ، مہا راجا ہری سنگھ پارک، توی ریور فرنٹ، مبارک منڈی رائل کمپلیکس، دریائے توی سے مہا مایا مندر تک روپ وے پروجیکٹ کچھ ایسے پروجیکٹ ہیں جن سے جموں شہر کے ترقیاتی منظر نامے میں نمایاں تبدیلی واقع ہوگی۔