عظمیٰ نیوزسروس
جموں// وزیر برائے قبائلی امور جاوید احمد رانا نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت جموں و کشمیر کے تمام خطوں اور ذیلی خطوں کی جامع، متوازن اور مساوی ترقی کیلئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے ان باتوں کا اِظہار ایس سی،ایس ٹی،او بی سی نمائندوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے قبائلی آبادی کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف مسائل اُٹھائے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے کہ معاشرے کے ہر طبقے کو ترقی اور خوشحالی کے سفر میں ساتھ لیا جائے۔اُنہوں نے کہا، ’’ہم ایسی پالیسیاں اور پروگرام بنانے کے لئے وقف ہیں جو معاشرے کے تمام طبقات کو اوپر اُٹھائیں، ایک خوشحال اور دیرپا مستقبل کی راہ ہموار کریںاور شمولیت و مساوات کے ماحول کو فروغ دیں۔‘‘وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ نے اپنی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ قبائلیوں کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔اُنہوں نے ریزرویشن پالیسی سے متعلق ان کے خدشات کا بھی ذکر کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ نیشنل کانفرنس پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔وزیرموصوف نے زور دے کر کہا کہ پارٹی ان گروہوں کی اُمنگوں کی نمائندگی کرتی ہے اور ان کے آئینی حقوق کے تحفظ کے لئے وعدہ بند ہے۔اُنہوں نے مزید کہا،’’ لوگوں نے ہمیں ایک بہتر بڑا مینڈیٹ دیا ہے اور ہم لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے کے پابند ہیں۔‘‘