یو این آئی
نئی دہلی//راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملک ارجن کھڑگے نے ایوان میں کہا کہ حکومت کو بنگلہ دیش میں اقلیتوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں کیونکہ وہاں کے حالات خراب ہیں ایوان میں آئین کو اپنانے کے 75شاندار سال مکمل ہونے پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ بنگلہ دیش آج کے دن یعنی 16 دسمبر 1971کو پیدا ہوا تھا،ہندوستانی فوج نے تقریبا ایک لاکھ فوجیوں کو پکڑ لیا تھا اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے دنیا کو بتایا تھا کہ ہمارے قریب آنے کے نتائج کسی کے لیے اچھے نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ آج بنگلہ دیش کے حالات اچھے نہیں ہیں۔ حالات بہت خراب ہیں۔ اس لئے حکومت کو بنگلہ دیش میں اقلیتوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں ۔خواتین اور دلتوں پر مظالم کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر کھڑگے نے کہا کہ حکومت کو اچھی حکمرانی پر توجہ دینی چاہیے۔اس دوران کانگریس رہنما اور وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے پیر کے روز لوک سبھا میں بنگلہ دیش کے اقلیتوں پر ہو رہے مظالم کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے مرکزی حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔پرینکا گاندھی نے زیرو آور میں بات کرتے ہوئے کہا، بنگلہ دیش میں ہندوں، عیسائیوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف ہونے والے مظالم کے خلاف حکومت کو آواز اٹھانی چاہیے۔ بنگلہ دیش حکومت سے بات چیت کرنی چاہیے اور متاثرین کو مکمل حمایت فراہم کرنی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا، آج وجے دیوس ہے۔ 1971 کی جنگ میں شہید ہونے والے سپاہیوں اور ملک کی عوام کو سلام پیش کرتی ہوں جنہوں نے بنگلہ دیش کے لوگوں کی آواز بن کر ان کے حق میں کھڑے ہوئے۔ اس وقت اندرا گاندھی نے مشکل حالات میں غیر معمولی قیادت کا مظاہرہ کیا اور ملک کو فتح دلائی۔پرینکا گاندھی نے 1971کی جنگ کے بعد پاکستانی فوج کے بھارتی فوج کے سامنے ہتھیار ڈالنے کی تاریخی تصویر کا ذکر بھی کیا۔ تاہم، اسپیکر نے ان کی تقریر مختصر کرتے ہوئے اگلے مقرر کو بولنے کا موقع دے دیا۔