سرینگر// نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے ڈویژنل انتظامیہ سے بارشوں اور برفباری سے پیدا شدہ صورتحال سے عوام کو راحت پہنچانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن علاقوں میںزیادہ برفباری ہوئی ہے وہاں بجلی و پانی کی سپلائی کی بحالی ممکن بنائی جائے اور ساتھ ہی موسم سرما کے پیش نظر لوگوں کو ضروریات زندگی میسر رکھی جائیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ بجلی کی سپلائی پوزیشن میں بہتری لانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں، اس کے علاوہ پینے کی پانی ، غذائی اجناس خصوصا چائول ، آٹا، کھانڈ کے ساتھ ساتھ مٹی کا تیل ، رسوئی گیس اور بالن کا وافر سٹاک لوگوں کیلئے دستیاب رکھیں، تاکہ عوام کو کسی بھی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اُنہوں نے کہا کہ موسم سرما میں چونکہ وادی اور لداخ وکرگل کے ساتھ ساتھ شمالی کشمیر کے بہت سارے علاقے جن میں مژھل ، ٹنگڈار ، کیرن، گریز اور صوبہ جموں مروا، مڈون اور دچھن جیسے علاقے وغیرہ شامل ہیں، ریاست کے دیگر علاقوں سے بھاری برف بھاری کی وجہ سے کٹ جاتے ہیں اور وہاں کے لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اِس کے پیش نظر سرکار کو مزید دیر گئے بغیر موثر اور کارگر اقدامات کرنے چاہئیں۔