عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//گوتم اڈانی پر امریکی عدالت میں لگائے گئے الزامات کے بعد کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے ایک بار پھر ارب پتی تاجر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ پارلیمنٹ کے احاطے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا، اڈانی کو گرفتار کیا جانا چاہئے۔ کیا آپ کو لگتا ہے کہ اڈانی امریکی عدالت کے الزامات کا اعتراف کریں گے؟جب راہل سے پوچھا گیا کہ اڈانی نے تمام الزامات کو مسترد کیا ہے تو راہل گاندھی نے کہا، آپ کس دنیا میں رہ رہے ہیں؟ کیا آپ کو لگتا ہے کہ اڈانی امریکی الزامات کا اعتراف کریں گے؟ راہل گاندھی نے اس سے قبل 21نومبر کو بھی اڈانی پر سخت حملہ کیا تھا اور ان کی گرفتاری کی مانگ کی تھی۔ راہل کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم مودی اور اڈانی میں گہرا تعلق ہے اور دونوں کرپشن میں ملوث ہیں۔راہل گاندھی نے مزید کہا کہ یہ ثابت ہو چکا ہے کہ اڈانی نے نہ صرف ہندوستانی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے بلکہ امریکی قوانین کی بھی دھجیاں اڑائی ہیں۔ وہ اس بات پر حیران ہیں کہ اڈانی کیوں آزادانہ طور پر گھوم رہے ہیں جب کہ ان پر سنگین الزامات ہیں۔