عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ اورممبراسمبلی جڈی بل تنویر صادق نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی متحرک قیادت میں حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے عوام کو راحت پہنچانے کا وعدہ کیا ہے اور عوامی نمائندہ سرکار من وعن اسی سمت میں کام کررہی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ عوامی حکومت کے قیام کے بعد لوگوں اور حکومت کے درمیان خلیج کم ہوگئی ہے اور لوگوں کی ہر سطح پر دادرسی اور شنوائی ہورہی ہے۔ ان باتوں کااظہارموصوف نے ڈائریکٹر سکمز اور دیگر محکموں کے اعلیٰ حکام کے ہمراہ جڈی بل حلقہ انتخاب کے سکمز چوک پر اوور ہیڈ پیڈیسٹرین پاتھ وے کی تعمیر کاموقع پر جاکر جائزہ لینے کے دوران کیا۔ انہوں نے اس پروجیکٹ کی تجویز کو منظوری دینے پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ لوگوں کا ایک دیرینہ مطالبہ رہا ہے اور کافی عرصہ سے زیر التوا تھا۔ اس پروجیکٹ سے نوشہرہ، بہلوچی پورہ، اور ناری بل (صورہ ) کو جوڑنے والے مصروف جنکشن کو عبور کرتے ہوئے مسافروں، مریضوں، تیمارداروں اور عام لوگوں کی نقل و حرکت میں نمایاں طور پر آسانی پیدا ہوگی۔ اس کے علاوہ تنویر صادق کی طرف سے اپنے سی ڈی ایف کے تحت تجویز کردہ SKIMS چوک کی خوبصورتی کا کام پہلے سے ہی جاری ہے۔تنویر صادق نے ڈائریکٹر سکمز، ایگزیکٹو انجینئر اور دیگر متعلقہ حکام کے ہمراہ پروجیکٹ کا جائزہ لینے کے لئے سائٹ کا دورہ کیا۔ ٹیم نے مجوزہ بنیادی ڈھانچے کی افادیت اور عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کیلئے بہترین ممکنہ منصوبے پر تبادلہ خیال کیا اور اسے حتمی شکل دی۔تنویر صادق نے کہاکہ یہ اوور ہیڈ پاتھ وے نہ صرف عوام کیلئے حفاظت اور سہولت کو یقینی بنائے گا بلکہ سکمزچوک کے ارد گرد شہری انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے میں ایک اہم قدم کی نشاندہی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم اس پاتھ وے پر دونوں طرف چڑھنے کے لئے خودکار ایسکلیٹرز نصب کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔