یو این آئی
نئی دہلی//کانگریس نے کہا ہے کہ حکومت پہلگام دہشت گردانہ حملے اور اس کے بعد کے واقعات پر بحث کے لیے کل جماعتی میٹنگ اور پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کے مطالبے کو نظر انداز کر رہی ہے، لیکن سچائی یہ ہے کہ مودی حکومت اس پورے معاملے پر جوابدہی سے نہیں بچ سکتی کانگریس کی رکن پارلیمنٹ اور ورکنگ کمیٹی کی رکن پرنیتی شنڈے نے جمعرات کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت خاموش رہ کر اور توجہ ہٹا کر احتساب سے بچنے کی کوشش کر رہی ہے اور اسی لیے کل جماعتی میٹنگ اور پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کے مطالبے کو نظر انداز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی نہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بار بار یہ دعوی کر رہے ہیں کہ ان کے دبا پر فوجی کارروائی روک دی گئی ہے لیکن مودی حکومت اس کا کوئی جواب نہیں دے رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ “آج جب ملک وضاحت، شفافیت اور فیصلہ کن قیادت کا مطالبہ کر رہا ہے تو وزیر اعظم نریندر مودی آل پارٹی میٹنگ میں کیوں نہیں جا رہے ہیں۔کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی پہلگام حملے پر مسلسل خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ آخر مسٹر مودی اس سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟کانگریس لیڈر نے کہاکہ “لوگ ‘آپریشن سندور’ اور پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں، لیکن وزیر اعظم اس کے بارے میں بتانے کو تیار نہیں ہیں۔ مودی حکومت ملک سے کیا چھپانا چاہتی ہے؟”انہوں نے کہا ہے کہ سوالوں کا جواب دینے کے بجائے مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن سچ یہ ہے کہ وزیراعظم احتساب سے نہیں بچ سکتے۔ عوام دیانتدارانہ جواب چاہتی ہے، اسکرپٹڈ تقریریں نہیں۔